محکمہ ٹیکزیزیشن کے27 افسران کو KAS زمرے میں لانے کو منظوری
سرینگر //گورنر این این ووہرا کی صدارت میں ریاستی انتظامی کونسل کی پانچویں میٹنگ منعقد ہوئی جس میں اُن کے صلاحکار بی بی ویاس وجے کمار اور خورشید گنائی کے علاوہ چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرا منیم نے شرکت کی ۔ میٹنگ میںایک اہم فیصلے کے تحت درجہ چہارم اسامیوں کیلئے انٹرویو کا عمل ختم کردیا گیا جبکہ وی ایل ڈبلیوز اور ایم پی ڈبلیوز کے الاونس میں اضافہ کردیا گیا۔ ایک اور اہم فیصلے میں 27افسران کو کشمیر ایڈمنسٹریٹیو سروس کے زمرے میں لانے کو منظوری دی گئی۔اسکے علاوہ میٹنگ میںانتظامی محکمے کی طرف سے داخل کئے گئے مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوا ۔
درجہ چہارم اسامیوں کیلئے انٹر ویو ختم
ایک اہم فیصلے میں ریاستی انتظامی کونسل نے ریاست میں درجہ چہارم کی تمام اسامیوں کیلئے انٹر ویو کا عمل ختم کرنے کا فیصلہ کیا ۔ اس فیصلے کا اطلاق فوری طور سے ہو گا البتہ اس کا اطلاق اُن اسامیوں کیلئے نہیں ہو گا جن کیلئے سلیکشن عمل پہلے ہی شروع کیا جا چکا ہے ۔ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ تمام محکموں میں خالی پڑی درجہ چہارم کی اسامیوں کی فہرست تیار کر کے ایس ایس بی کو ریفر کرے گا جو تعیناتی کیلئے سالانہ کلینڈر تشکیل دے گا ۔ سلیکشن دسویں جماعت کے امتحانات کے میرٹ پر کیا جائے گا ۔ فیصلے کو ایس آر او نوٹیفکیشن کے ذریعے عملایا جائے گا ۔
وی ایل ڈبلیوز اور ایم پی ڈبلیوز کیلئے ٹریولنگ الاؤنس
انتظامی کونسل نے محکمہ دیہی ترقیات میں کام کر رہے ولیج لیول ورکروں اور ملٹی پرپز ورکروں کیلئے ٹریولنگ الاؤنس کو فی ماہ 15 روپے سے بڑھا کر 100 روپے کرنے کو منظور دی ۔
27 افسران کو KASمیں ترقی دینے کا فیصلہ
انتظامی کونسل نے جموں اینڈ کشمیر ایکسائیز اینڈ ٹیکزیشن گزیٹیڈ سروس کے 27 افسران کو جے اینڈ کے ایڈمنسٹریٹو سروس کے پے بینڈ 15600-3900-GP6600 میں ترقی دینے کے فیصلے کو منظوری دی ۔
اُجھ ملٹی پرپز پروجیکٹ کے ڈی پی آر کو منظوری
انتظامی کونسل نے 4750 کروڑ روپے کے کثیر المقاصد اُجھ پروجیکٹ کے ڈی پی آر کو منظوری دی ۔ اپنی تکمیل کے بعد یہ پروجیکٹ 186 میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا اور کٹھوعہ ضلع کی لگ بھگ 31380 ہیکٹر اراضی کو سیراب کرے گا ۔ از سر نو تشکیل شدہ ڈی پی آر میں ڈیم کی اونچائی کم کر دی گئی ہے اور اس طرح سے پانی کی سطح سے نیچے والے حصے کو 41 مربع کلو میٹر سے کم کر کے 34.5 مربع کلو میٹر کیا گیا ہے ۔ حکومت ہند پروجیکٹ کو 90:10 کے تناسب سے رقومات فراہم کرے گی اور ریاستی حکومت اس پروجیکٹ کیلئے 475 کروڑ روپے فراہم کرے گی ۔ پروجیکٹ سے متاثرہ کنبوں کی باز آباد کاری کا طریقہ کار کشن گنگا ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کی طرز پر عمل میں لایا جائے گا یہ پروجیکٹ ریاست کے لوگوں کی ایک دیرینہ مانگ تھی ۔
رورل ایمپلایمنٹ جنریشن پروگرام کو منظوری
انتظامی کونسل نے جے اینڈ کے رورل ایمپلایمنٹ جنریشن پروگرام کو منظوری دی جس پر شروعات میں سالانہ 50 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے ۔ یہ نئی سکیم پہلے مرحلے میں 1500 بے روز گار نوجوانوں کو اپنے دائرے میں لائے گی اور اسے ریاستی کھادی ولیج انڈسٹریز بورڈ کی طرف سے عملایا جائے گا ۔ گذشتہ کئی برسوں کے دوران اڑان ، حمایت اور دیگر سکیموں کی بدولت روز گار کی فراہمی میں کافی اضافہ ہوا ہے اور ریاست کے نوجوانوں کو روز گار فراہم ہوا ہے ۔ ریاست جموں کشمیر میں کیرالہ اور آسام کے بعد بے روز گاری کی سب سے زیادہ شرح ہے ۔