رہبر تعلیم اساتذہ کا عید سے قبل تنخواہ واگزار کرنے کا مطالبہ

پونچھ//رہبر تعلیم ٹیچر فورم پونچھ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عید کے موقعہ پر ان کی تنخواہیں واگزار کی جائیں۔فورم کے چیف آرگنائزر فاروق تنہا نے ایک میٹنگ کے دوران حکومت سے مطالبہ کیا کہ تہوار کے موقعہ پر انہیں تنگ نہ کیاجائے اور وہ عید کا لطف تبھی اٹھاسکتے ہیں جب انہیں تنخواہیں دی جائیںگی ۔فاروق تنہا نے کہا کہ عید پر تنخواہوں کا واگزار ہونا بے حد ضروری ہے، تبھی وہ لوگ بھی قربانی دے سکتے ہیں اور اپنے اہل و عیال کی خوشیوں میں شامل ہوسکتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ حکومت کو سنجیدگی سے کام لیتے ہوئے اساتذہ کے اس جائز مطالبے کو پورا کرناچاہئے تاکہ عام ملازم کی پریشانی دور ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے تنخواہیں نہیں ملی جس کے نتیجہ میںوہ بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور قرض تلے دب چکے ہیں۔ان کاکہناتھاکہ کچھ اساتذہ اس قدر مجبور ہیںکہ وہ اپنی ڈیوٹی انجام دینے کے بعد مزدوری کررہے ہیں جومحکمہ کیلئے شرم کی بات ہے ۔فاروق تنہا نے مزید کہا کہ جہاں دوسرے ممالک میں اساتذہ کو وی آئی پی سمجھاجاتاہے وہیں یہاں ان کے ساتھ یہ سلوک کیاجاتاہے کہ تہواروں پر تنخواہیں نہیں ملتی ۔اس موقعہ پر فورم کے دیگر ارکان بھی موجودتھے ۔