جموں// پرنسپل سیکرٹری منصوبہ بندی، ترقی اور نگرانی روہت کنسل نے آج ریاسی میں چوتھی نیشنل وائٹ واٹر ریور رافٹنگ چیمپین شِپ کا افتتاح کیا۔ چیمپئن شِپ کا انعقاد ڈائریکٹوریٹ آف ٹورازم جموں کی جانب سے بارہ دری ریاسی میں دریائے چناب پر کیا گیا ہے۔ یہ چیمپین شِپ17 مارچ تک جاری رہے گی۔ڈپٹی کمشنر ریاسی اندو کنول چِب اور ڈائریکٹر ٹورازم جموں او پی بھگت بھی تقریب پر موجود تھے۔اس مقابلہ کا انعقاد خطہ میں مہم جو سیاحت کو فروغ دینے کے لئے کیا گیا ہے اور اس میں13 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ آج کی ریس بڈیاری ریاسی سے ڈیرہ بابا بندہ بہادر تک12 کلو میٹر لمبی پٹی پر منعقد کی گئی اور یہ ٹی آر سی بارہ دری ریاسی میں رنگا رنگ پروگرام کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔اس مقابلہ کی بدولت مقامی بے روز گار نوجوانوں کو بلواسطہ یا بالواسطہ طور پر روز گار کے مواقعے دستیاب ہوں گے۔روہت کنسل نے اس موقعہ پر کہا کہ اس طرح کے پروگراموں کی وسیع تشہیر کی جانی چاہئے تا کہ علاقہ میں سیاحتی سرگرمیوں کو مزید تقویت حاصل ہوسکے۔ناظم سیاحت نے کہا کہ محکمہ کو نوجوانوں کی طرف سے دیگر مہم جویانہ سرگرمیوں بشمول پیرا گلائڈنگ، زوربنگ، زِپ لائننگ، ٹریکنگ اور ہائیکنگ سرگرمیاں شروع کرنے کے لئے درخواستیں موصول ہورہی ہیں۔اس موقعہ پر ڈپٹی ڈائریکٹر ٹورازم
انسویہ جموال، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹورازم کٹرہ امیش شان اور ڈائریکٹوریٹ آف ٹورازم کے اہلکار بھی موجود تھے۔