سرینگر /گورنر ستیہ پال ملک کی صدارت میں جمعہ کو منعقدہ انتظامی کونسل کی میٹنگ کے دوران روڈ ایکسیڈنٹ وکِٹمز فنڈ سکیم کو منظوری دی گئی ۔
اس فنڈ کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ سڑک حادثات میں زخمی یا جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو فائدہ مل سکے ۔
پچھلے کئی برسوں کے دوران گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور کئی دیگر عوامل کی وجہ سے سڑک حادثات میں اضافہ ہوا ہے اور یوں قیمتی جانوں کے زیاں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے لہذا حادثات سے متاثرہ لوگوں کو فوری ریلیف دینا وقت کی اہم ضرورت بن گئی تھی ۔
روڈ ایکسیڈنٹ وِکٹمز فنڈ اس طرح کے متاثرین کو راحت دلانے کے سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ یہ راحت نجی و پبلک گاڑیوں کی طرف سے رونما ہونے والے سڑک حادثات میں متاثرین کو دی جائے گی ۔
اس سلسلے میں متاثرین کے حق میں معاوضے کی واگذاری کیلئے ایک ڈسٹرکٹ لیول کمیٹی کی تجویز رکھی گئی ہے ۔