نئی دہلی//یو این آئی// وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے جمعہ کو راجیہ سبھا میں کہا کہ ملک میں روزگار کے مواقع بڑھے ہیں اور حکومت کورونا وبا کے دوران بھی مہنگائی پر قابو پانے میں کامیاب رہی ہے ۔ایوان میں مرکزی بجٹ 2022-23 پر تقریباً 12 گھنٹے کی بحث کا جواب دیتے ہوئے محترمہ سیتا رمن نے کہا کہ ملک میں بجٹ اگلے 25 برسوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے اور یہ مستقبل کی تصویر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت مضبوط ہو رہی ہے ۔ روزگار کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور مہنگائی کنٹرول میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ 2020-21 میں ملک میں 44 نئے یونی کارن (ایک ارب ڈالر سے زیادہ مالیات والی یونیٹیں) بنیں ہیں جن کی تعداد بڑھ کر 83 ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ 'اسٹارٹ اپ' ہے جو اس بات کا واضح اشارہ دیتا ہے کہ معیشت بہتر ہو رہی ہے ۔وزیر خزانہ نے کہا کہ کورونا وبا کے بحران میں ملکی معیشت مضبوط ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا نے پوری دنیا کی معیشت کو تہس نہس کر دیا تھا لیکن اس عرصے میں ہندوستان میں 80 ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری آئی۔انہوں نے کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں میں جس سطح پر روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں اس سے ملک میں ترقی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چھوٹے کاروبار پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس کے نتیجے میں زیادہ تر کارخانے جو کورونا کی وبا کے باعث بند ہو گئے تھے۔ دوبارہ کھل گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن کے اعداد و شمار اس کا ثبوت ہیں۔محکمہ وار سرمائے کے اخراجات کی تفصیلات بتاتے ہوئے محترمہ سیتارمن نے کہا کہ صحت، زراعت، ہاؤسنگ اور دیگر تمام شعبوں میں مختص رقم میں اضافہ کیا گیا ہے اور مناسب سرمایہ فراہم کرنے کا انتظام کیا گیا ہے ۔ یوریا، فاسفیٹ اور ڈی اے پی کی قیمتیں بین الاقوامی سطح پر بڑھ گئی ہیں لیکن اس کا بوجھ کسانوں پر نہیں ڈالا گیا اور حکومت نے اس پر بھاری سبسڈی دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ سبسڈی میں 9.4 فیصد، جانوروں کی سبسڈی میں 26 فیصد، فشریز سبسڈی میں 73 فیصد اضافہ کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ، برطانیہ اور یورپ میں مہنگائی 30-40 سال کی بلند ترین سطح پر ہے لیکن حکومتی انتظامات کی وجہ سے ہندوستان میں خوردہ اور ہول سیل مہنگائی کنٹرول میں ہے ۔اراکین پارلیمنٹ کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ کرپٹو کرنسی کو قانونی حیثیت نہیں دی گئی ہے ۔ اس کے لین دین سے صرف ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 2022-23 میں ریاستوں کو زیادہ سے زیادہ ریونیو دینے کے لیے انتظامات کیے گئے ہیں۔ ریاستوں کو بغیر کسی سود کے 95 ہزار کروڑ روپے لینے کا حق دیا گیا ہے ۔
روزگار میں اضافہ اور افراط زر کنٹرول میں | سیتا رمن کاایوان بالامیںبجٹ کی بحث کا جواب
