عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//عالمی شہرت یافتہ پشمینہ اون کی ہاتھ سے کتائی کے مقامی عمل کو محفوظ بنانے کیلئے دستکاری اور ہینڈ لوم کشمیر کے محکمہ نے اپنے تمام 16پشمینہ اسپننگ ٹریننگ سینٹروں میں روایتی چرخوں کو 213جدید چرخوں سے بدل دیا ہے اور ہر ایک مرکز میں20خواہشمند تربیت حاصل کرسکتے ہیں۔یہ مراکز سرینگر، پلوامہ، شوپیاں، کولگام، بارہمولہ، گاندربل، اننت ناگ اور بانڈی پورہ اضلاع میں کام کر رہے ہیں۔محکمہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ SKUASTکشمیر کی طرف سے ڈیزائن کیے گئے جدید چرخے اسپنرز کومعیاری نظام فراہم کرتے ہیں، جنہیں پہلے پشمینہ اون کو ہاتھ سے کاتنے کیلئے کام کرنے کیلئے اچھی سہولت دستیاب نہیں ہوتی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید چرخہ روزانہ پیداوار میں کم از کم تین گنا اضافہ کرتا ہے، اس طرح کاریگروں کی مالی آمدنی میں اضافہ ہوتا ہے۔