سرینگر // رنگریٹ میں قائم بجلی رسیونگ سٹیشن میں ٹیکنیکی خرابی کی وجہ سے شہر کے متعدد علاقے جمعرات کو دن بھر بجلی سپلائی سے محروم رہے ۔جمعرات کی صبح اس رسیونگ سٹیشن میں اچانک فالٹ آگیا جس کی وجہ سے رنگریٹ، راولپورہ ،وانہ بل اور دیگر علاقوں میں دن بھر بجلی سپلائی متاثر رہی جس کے نتیجے میں صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ صبح کے وقت اچانک بجلی چلی گئی اور شام دیر گئے تک بھی بجلی بحال نہیں کی جا سکی تھی جس سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔لوگوں کا کہنا تھا کہ انہیں یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ کیوں اچانک بجلی چلی گئی ہے ۔لوگوں کی شکایت کے بعد کشمیر عظمیٰ نے جب باغات سب ڈویژن میں تعینات ایک افسر سے رابطہ قائم کیا تو انہوں نے بتایا کہ رنگریٹ میں قائم بجلی رسیونگ سٹیشن میں نصب سوچ کے ایک پرزے کا بلاسٹ ہو گیا جس کی وجہ سے ان علاقوں میں بجلی چلی گئی ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کا پورا عملہ رنگریٹ میں ہے اور اُسکی مرمت کرکے بجلی بحال کی گئی۔