رمن بھلہ و دیگر لیڈران کو جنگجوئوں کی دھمکی، کیس درج | سیاست سے دور رہنے یا نتائج بھگتنے کاانتباہ

جموں//پیر مٹھا پولیس نے حزب المجاہدین کے ایک خط کے ذریعہ جموں و کشمیر کانگریس پارٹی کے نائب صدر اور سابق وزیر رمن بھلہ و دو دیگر رہنمائوں کو دھمکی دینے کے بعد معاملہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔بھلہ نے اس حوالے سے بتایاکہ شہیدی چوک میں کانگریس ہیڈ کوارٹر میں 12ستمبر کو انہیں اپنے نام کے ساتھ دوپہر 2 بجے ایک لفافہ ملا۔انہوں نے کہا کہ مجھے لگا کہ کسی عوامی مسئلے کو اجاگر کرنے کے لئے خط بھیجا گیاہے تاہم پریشانی والی بات یہ ہے کہ جب انہوں نے اُسے کھولا تو یہ حزب المجاہدین کے لیٹر پیڈ پر اردو زبان میں ایک دھمکی آمیز خط تھا۔ان کاکہناتھا،’’ مجھے تین دیگر افراد پینتھرس پارٹی کے چیئرمین ہرش دیو سنگھ اور سابق وزیر مملکت چودھری لال سنگھ کے ساتھ جنگجوئوں نے دھمکی دی ہے ‘‘۔ان کاکہناتھا،’’مجھے کہاگیاہے کہ سیاسی سرگرمیوں سے دور رہیں یا نتائج کا سامنا کریں، آپ ہماری جدوجہد میں رکاوٹ بن گئے ہیں اور اسی وجہ سے آپ نشانہ بن سکتے ہیں، اگر آپ خود کو سیاسی سرگرمیوں سے دور نہیں رکھتے ہیں تو موت کے لئے تیار ہوجائیں ‘‘۔انہوں نے کہا،’’میرے ایک رشتہ دار ڈاکٹر اشوک بھلہ کو چٹھہ میں 1990-91میں مارا جاچکا ہے، میرا حفاظتی کوور بھی چھین لیا گیا ہے، میں نے سیکورٹی کوور کے لئے درخواست کی ہے ، لیکن کوئی سننے والا نہیں‘‘۔دریں اثنا ، ایس ایچ او پیر مٹھا انسپکٹر عنایت علی نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا ،’’کانگریس کا ایک کارکن شکایت لے کر تھانے آیا تھا اور ہم نے حزب المجاہدین کی جانب سے رمن بھلہ کو جاری کردہ دھمکی آمیز خط پر ایف آئی آر درج کردی ہے، ہم نے آئی پی سی کی دفعہ 121، 121-A ، 506 ، 13 ، 16 ، 18 یو اے پی اے ، 1967 ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے اور ڈی وائی ایس پی رینک کے پولیس افسر کے ذریعہ تفتیش کی جارہی ہے‘‘۔ کانگریس پارٹی کے سابق کابینہ وزیر رمن بھلہ کے علاوہ جن دیگر لیڈران کو دھمکیاں دی گئی ہیں، ان میں وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ ، بی جے پی کے جموں و کشمیر کے صدر رویندر رینہ ، سابق وزیر سنیل شرما ، بی جے پی کے جنرل سکریٹری اشوک کول ، جے کے این پی پی کے چیئرمین ہرش دیو سنگھ ، بی جے پی کے رہنما بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) انیل گپتا ، سابق وزیر چودھری لال سنگھ ، جگل کشور ، ڈاکٹر منوہر لال ، نریش گپتا ، نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر دیویندر سنگھ رانا ، سابق نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ ، سابق ایم ایل سی بی جے پی وبودھ گپتا ، این سی نائب صدر سرجیت سنگھ سلاتھیہ اور شکتی پریہارشامل ہیں۔