سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیرا حمد خان نے رمضان المبارک کے پیش نظر وادی کے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو روزانہ بنیادوں پر مارکیٹ چیکنگ شروع کرنے اور ناجائز منافع خوری،ذخیرہ اندوزی اورغیر معیاری اشیائے خوردنی کی فروخت پر روکتھام کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔صوبائی کمشنر نے ان باتوں کااظہار ایک میٹنگ کے دوران کیا جس میں ماہِ رمضان کی آمد کے پیش نظر کئے جانے والے انتظامات کاجائزہ لیا گیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک،رسدات وعوامی تقسیم کاری نے میٹنگ کے دوران جانکاری دیکہ صارفین کو فراہم کرنے کے لئے راشن ،کھانڈ اور آٹے کے علاوہ دیگر اشیأ خوردنی کا وافر سٹاک موجود ہے۔صوبائی کمشنر نے ضلع ترقیاتی کمشنروںکو وادی میں اشیأ خوردنی کی مناسب اور منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کی ہدایت دی جب کہ ایس ایم سی کو صفائی ستھرائی کی طرف ٹھوس توجہ مبذول کرنے پر زوردیا گیا۔صوبائی کمشنر نے درگاہ حضرت بل اوردیگر اہم زیارت گاہوں میںلوگوں کی حاضری کے لئے دن رات ٹرانسپورٹ سہولیات دستیاب رکھنے کے احکامات صادر کئے۔انہوںنے ضلع سطح پر کنٹرول رومز قائم کرنے کی بھی ہدایت دی۔انہوںنے اس سلسلے میں کنٹرول رومز کے رابطہ نمبرات کی ذرائع ابلاغ میں تشہیر کرنے پر بھی زوردیا۔میٹنگ میں تمام متعلقہ محکموں کے آفیسران موجود تھے جب کہ وادی کے ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔