سرینگر //جواہر لال نہرو میموریل اسپتال رعناواری پیر کو 14ماہ کے بعد معمول کے مطابق کام کاج شروع کر رہا ہے۔14ماہ بعد او پی ڈی ، آپریشن تھیٹر ، رجسٹریشن سیکشن اور دیگر شعبہ جات دوبارہ فعال ہونگے۔ تمام شعبہ جات بند کرنے کے بعد اسپتال کو اپریل 2020میں کویڈ مریضوں کیلئے وقف کیا گیا ۔ 22جون 2021تک مجموعی طور پر 2000کورونا متاثرین کو علاج و معالجہ فراہم کیا گیا جن میں 230حاملہ خواتین بھی شامل تھیں۔ کورونا وائرس میں مبتلا 230حاملہ خواتین نے اسپتال میں ہی بچوں کو جنم دیا جن میں 200خواتین کو زچگی کیلئے جراحی سے گزرنا پڑا ۔ اس عرصہ کے دوران وادی کے مختلف اضلاع سے گردوں کی بیماریوں میں مبتلا 50 مریضوں کو ڈئیلیسز کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا ۔ 14ماہ کے دوران اسپتال میں 30ہزار ریپیڈ اور 5ہزار آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کرائے گئے۔رعناواری ، خانیار اور شہر خاص کے مختلف علاقوں میں لوگوں کی مانگ پراسپتال کو ایک حکم نامہ کے ذریعے دوبارہ معمول کے او پی ڈی اور جراحیاں شروع کرنے کی اجازت دی گئی۔ نوڈل آفیسر ڈاکٹر بلقیس نے بتایا ’’ اسپتال کو دوبارہ کھولنے کی اجازت 22جون کو دی گئی لیکن اسپتال میں دوبارہ صفائی، Sanitization اور دیگر ساز و سامان کی تنصیب اور آپریشن تھیٹروںکو قابل کار بنانے کیلئے وقت لگ رہا ہے‘‘۔ ڈاکٹر بلقیس نے بتایا کہ مریضوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع کیا گیا ہے لیکن اسپتال کا او پی ڈی اور تھیٹر پیر سے معمول کے مطابق کام کرنا شروع کردیں گے ۔ واضح رہے کہ اسپتال شہر خاص کے 3لاکھ سے زائد لوگوں کو ماہانہ بنیادوں پرعلاج و معالجہ فراہم کرتا رہاہے اور اسپتال بند ہونے کی وجہ سے ہزاروں مریضوں کو نجی کلنکوں کی طرف رخ کرنا پڑا ہے۔