سرینگر/ /وادی سے تعلق رکھنے والے تاجروں اور سیول سوسائٹی نے نجی اسکول کے استاد کی زیر حراست ہلاکت پر ’’معیاد مند آزادانہ خصوصی کمیشن‘‘ کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے بشری حقوق علمبرداروں اور اقوام عالم کی خاموشی پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔سرینگر کے ایوان صحافت میں تاجروں اور سیول سوسائٹی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’ اسکول استاد رضوان اسد پنڈت، جنہیں پوچھ تاچھ کیلئے گزشتہ اتوار کو حراست میں لیا گیا ،کی تشدد زدہ نعش اہل خانہ کو منگل کو سپرد کی گئی‘‘۔کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریزکے صدر شیخ عاشق نے اہل خانہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا’ رضوان کے’ جسم پر تشدد کے واضح نشانات موجودتھے،جبکہ میت کو غسل دینے کے دوران انکے برادر نے جس ویڈیو کا اشتراک سماجی میڈیا پر کیا،میں تشدد اور جلنے کے نشانات موجود تھے،اور عام لوگوں کا ماننا ہے کہ رضوان پنڈت کو دوران حراست جسمانی تشدد کے دوران جاں بحق کیا گیا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے اس سلسلے میں زیر دفعہ224آر پی سی( حراست سے فرار ہونے کی کوشش) سے متعلق کیس درج کیا ،تاہم مجسٹریل تحقیقات کا بھی اعلان کیا گیا ۔ شیخ عاشق حسین نے کہا کہ اس سے قبل بھی لاتعداد تحقیقات کا اعلان کیا گیا ہے،جو لاحاصل ثابت ہوئے۔ان کا کہنا تھا’’اس طرح کی جانچ ادارہ جاتی تعصب اور سرکاری مداخلت کی وجہ سے متاثر ہوتی ہیں،اور ان سے محال سے انصاف کے تقاضے پورے ہوتے ہیں،اور ہمیں اس پر یقین کرنے کے باضابطہ وجوہات بھی ہیں کہ اس ہلاکت کی تحقیقات بھی متاثر ہوگی،اور قاتل پھر سے قتل کرنے کیلئے آزاد گھومیں گے‘‘۔تجارتی اتحاد اور سیول سوسائٹی نے ریاستی گورنر سے معیاد مند آزادانہ خصوصی کمیشن کے قیام سے تحقیقاتی عمل کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کو انصاف فراہم کرنے کیلئے یہ قدم اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا جب تک کمیشن اپنی رپورٹ پیش کریں،اس کیس کو حراستی ہلاکت تصور کرتے ہوئے،اس سے منسلک افراد کو متحرک ڈیوٹی سے دور رکھ کر حراست میں لیا جائے۔پریس کانفرنس میں سجاد گل،سراج احمد سراج،منظور احمد بٹ،شبیر احمد مٹھ،عبدالاحد بٹ،شیخ محمد یوسف اور دیگر لوگ بھی موجود تھے،جبکہ کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز،فیڈریشن چیمبر آف انڈسٹریز کشمیر،کشمیر ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ایسو سی ایشن،چیمبر آف کامرس انڈسٹریزکشمیر،ٹرانسپورٹ ویلفیئر ایسو سی ایشن،کشمیر ویلی فروٹ گرورس ایسو سی ایشن،کشمیر کمسٹس اینڈ ڈسٹی بیوٹرس ایسو سی ایشن،ہوٹلرس کلب،پرائیوٹ اسکولز ایسو سی ایشن،کشمیر بیکرس ایسو سی ایشن ٹریڈرس اینڈ ٹر انسپورٹرس کارڈی نیشن کمیٹی،ٹیکسی اونرس ایسو سی ایشن ایسو سی ایشن آف کشمیرٹور،انورمنٹل پروٹیکشن گروپ، شہر خاص کارڈی نیشن کمیٹی،بیوپار منڈل ایس آر گنج،رہبلی ٹیشن الائنس اور بٹہ مالو ٹریڈرس ایسو سی ایشن کے علاوہ متحرک سیول سوسائٹی گروپ کشمیر سینٹر فار ڈیولپمنٹ اینڈ ڈیولپمنٹ اسٹڈیزکے نمائندوں نے شرکت نے شرکت کی۔