راجوری +جموں //راجوری اور جموں میں رشوت ستانی سے جڑے دو الگ الگ معاملات میں ایک پٹواری اور ٹریفک پولیس کے اہلکار کو معطل کردیاگیاہے۔یہ کارروائی پٹواری کی ٹیلیفونک گفتگو جبکہ ٹریفک اہلکار کی رشوت لیتے ہوئے فوٹیج سوشل میڈیاپروائرل ہونے کے بعد کی گئی ہے ۔راجوری میں کے پٹوار حلقہ گھمبیر مغلاں میں تعینات عبدالغفور پٹواری کی ٹیلیفونک گفتگوسوشل میڈیاپر وائرل ہوگئی جس میں اسے ایک کالر کے ساتھ زمین کے انتقال پررشوت کی ادائیگی کے طریقہ کار پر بات کرتے ہوئے سناجاسکتاہے ۔ اس معاملے کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ضلع انتظامیہ نے پٹواری کو معطل کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔ایسا لگتاہے کہ کال کرنے والے شخص نے یہ گفتگو موبائل فون میں ریکارڈ کرلی جسے بعد میں وائرل کیاگیا۔راجوری انتظامیہ کے مطابق اس معاملے کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجازاسد نے پٹواری عبدالغفور کو معطل کرکے اسے تحصیلدار دفتر راجوری منسلک کرنے کا حکم جاری کیاہے ۔ ساتھ ہی اس حوالے سے تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہے اورایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری و تحصیلدار منجاکوٹ پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اپنی رپورٹ ایک ہفتے میں پیش کرے گی ۔دریں اثناء جموں میں ٹریفک پولیس کے ایک اہلکار کو ایک ڈرائیور سے رشوت طلب کرنے کے معاملے پر معطل کیاگیاہے ۔ایک افسر نے بتایاکہ اس سلسلے میں ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے بعد یہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ جمعہ کے روز توی کے چوتھے پل پر سلیکشن گریڈ کانسٹبل چھتر سنگھ اور ایس پی او سنجے شرما ڈیوٹی دے رہے تھے جس دوران ایس پی او کو ڈرائیور سے گاڑی چھوڑنے کی اجازت کیلئے رشوت طلب کی جس کی اسی ڈرائیور نے مبینہ طور پر خفیہ طریقہ سے ویڈیو بنالی اور بعد میں یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ۔ اس ویڈیو میں یہ دیکھاجاسکتاہے کہ ایس پی او گاڑی پر سوار ہوتاہے اور ڈرائیور سے رشوت لیتاہے اور اسے جانے کی اجازت دیتاہے جبکہ اس کا سینئر اہلکار سڑک کنارے کھڑاہے ۔اس پر کارروائی کرتے ہوئے ایس ایس پی ٹریفک جموں نے سلیکشن گریڈ کانسٹبل کو معطل کرنے کے احکامات جاری کئے جس نے اپنے ماتحت کام کررہے ایس پی او کورشوت طلب کرنے سے منع نہیں کیا ۔معطل پولیس اہلکار کو وردی واپس جمع کراکے فوری طور پر ٹریفک پولیس لائن جموں رپورٹ کرنے کا کہاگیاہے جبکہ معاملے کی تحقیقات کیلئے محکمہ جاتی انکوائری کا حکم بھی جاری کیاگیاہے ۔حکمنامہ کے مطابق ایڈیشنل ایس پی ٹریفک پولیس جموں سٹی پانچ دنوں کے اندراندر رپورٹ پیش کریں گے ۔ حکمنامہ میں بتایاگیاہے کہ رشوت طلب کرنے والے ایس پی او کیخلاف بھی کارروائی کی جائے گی ۔