جموں//چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے مختلف محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں ، پولیس افسران ، مختلف خود مختار اداروں اور کارپوریشنوں کے نمائیندگان کی ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ دورانِ میٹنگ رشوت ستانی کے خلاف کاروائی کرنے والی ایجنسیوں کی جانب سے پیش کی گئی سفارشات پر عمل درآمد کا جائیزہ لیاگیا ۔ رشوت ستانی کے معاملات کو نمٹانے کی سُست رفتار پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے ان معاملات کو تیز تر بنیاد پر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ رشوت خوری میں ملوث ملازمین کے خلاف بروقت محکمہ جاتی کاروائی یقینی بنائی جا سکے ۔چیف سیکرٹری نے انتظامی سیکریٹریوں کو محکمہ جاتی چھان بین کی از خود نگرانی کرنے کیلئے کہا تا کہ مختصر مدت کے دوران ہی ان معاملات کو حل کیا جا سکے ۔ انتظامی سیکرٹریوں کو ویجی لینس آرگنائیزیشن اور کرایم برانچ کی جانب سے رشوت خوری کے جرم میں ملوث پائے گئے ملازمین کے خلاف قانونی کاروائی کی التوا میں پڑی منظوری کے معاملات نمٹانے میں سرعت لانے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے اس سلسلے میں اگلے ایک ماہ کی مدت کے دوران حتمی فیصلہ لینے کیلئے کہا ۔ چیف سیکرٹری نے انتظامی سیکرٹریوں کو اُن کے ماتحت کام کرنے والے افسران /ملازمین کی اینول پرفامنس رپورٹ لکھنے میں خاص خیال رکھنے کی ہدایت دی اور کسی بھی کوتاہی یا بددیانتی کے واقع کو رپورٹ میں شامل کرنے کیلئے کہا ۔