پونچھ//مرکزی سرکار کی جانب سے رسوئی گیس کی قیمتیں اتنی بڑھا دی گئی ہیں کہ عوام کیلئے ایک سلنڈر تک لینا مشکل ہوگیاہے ۔گزشتہ روز جب سرحدی ضلع پونچھ کے لورن میں گیس کی گاڑی پہنچی تو رسوئی گیس حاصل کرنے کے لئے وہاں سینکڑوں لوگ قطاروں میں کھڑے ہوگئے لیکن جب انہیں معلوم ہوا کہ اس بار گیس کی قیمت 9سو روپے سے زیادہ دینی پڑ ے گی تو اکثر لوگ وہاں سے خالی گیس سلنڈر لیکر اپنے گھروں کو لوٹ گئے ۔مقامی شخص ولی محمد شیخ نے کہا کہ لورن کے لوگ بہت غریب ہیں جو مشکلات بھری زندگی بسر کررہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ خالی سلنڈر لیکر گھر واپس جانے والے لوگوں نے دریافت کرنے پر بتایاکہ ان کے پاس اتنے پیسے نہیں کہ وہ اتنے مہنگے دام رسوئی گیس خرید سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ گھریلوصارفین کیلئے گیس کئی سو فیصد تک مہنگی کردی گئی ہے اورغریب کا جینا حرام ہوکر رہ گیاہے ۔انہوں نے کہا کہ لورن کے کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جن کی ماہانہ کمائی تین ہزار روپے سے بھی کم ہے جس کیلئے گیس خریدنا ناممکن سی بات ہے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ مہنگائی میں دن بدن اضافہ ہورہاہے اور تکلیف دہ بات یہ ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کئی گنا بڑھ گئی ہیں۔