جموں// آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سابق صدر او رسینئر لیڈر راہل گاندھی جمعرات کو اپنے دو روزہ دورے پر جموں پہنچے ۔کانگریس کے مقامی لیڈران اور کارکنوں نے جموں ہوائی اڈے کے باہر موصوف پر پھول برسائے اور ان کا ایک ریلی کی صورت میں شاندار استقبال کیا۔جموں آمد کے فوراً بعد موصوف لیڈر ضلع ریاسی میں واقع قصبہ کٹرہ پہنچے جہاں انہوں نے شری ماتا ویشو دیوی مندر میں حاضری دی۔جموں کی طرح کٹرہ میں بھی راہل گاندھی کا بڑے پیمانے پر خیر مقدم کیا گیا اور ان کے حق میں نعرے لگائے گئے ۔انہوں نے ماتا ویشنو دیوی مندر کو جانے والے راستے پر پیدل سفر کیا اور راستے میں عقیدت مندوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔راہل گاندھی نے مندر کے لئے روانہ ہونے سے قبل نامہ نگاروں کے ایک سوال کے جواب میں کہا: 'میں یہاں ماتا کے درشن کرنے آیا ہوں'۔جب ان سے بی جے پی کے ایک بیان پر ردعمل مانگا گیا تو انہوں نے کہا: 'میں بی جے پی کے بیان پر ردعمل نہیں دینا چاہتا ہوں۔ میںیہاں پر کوئی سیاسی بیان نہیںدینا چاہتا ہوں'۔کانگریس کے ترجمان نے بتایا کہ راہل گاندھی نے ماتا ویشنو دیوی کے دربار میں حاضری دینے کے لئے پیدل سفر کیا۔انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی جمعے کو جے کے ریزاٹس میں صبح کے گیارہ بجے سے ساڑھے بارہ بجے تک پارٹی کے وفود سے ملاقی ہوں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ دلی روانگی سے قبل وہ پارٹی کے سینئرلیڈروں سے بھی ملاقات کریں گے ۔قبل ازیں راہل گاندھی نے ماہ گزشتہ کی دس تاریخ کو سری نگر میں درگاہ حضرت بل اور کھیر بھوانی مندر میں حاضری دی تھی۔