یو این آئی
نئی دہلی//کانگریس نے بدھ کے روز کہا کہ پارٹی لیڈر راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا منی پور کی راجدھانی امپھال کے پیلس گراؤنڈ سے شروع کرنے کی اجازت نہ ملنے کے باوجود مسٹر راہل گاندھی طے شدہ وقت پر امپھال سے اپنی یاترا شروع کریں گے ۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور میڈیا کے انچارج جے رام رمیش نے کل یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ 14 جنوری کو امپھال کے پیلس گراؤنڈ سے یاترا شروع کرنے کی اجازت مانگی جا رہی ہے ، لیکن انتظامیہ نے اس گراؤنڈ میں یاترا شروع کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس یاترا کے حوالے سے علیحدہ ویب سائٹ شروع کی گئی ہے اور ایک کتابچہ جاری کیا گیا ہے جس میں یاترا سے متعلق اہم معلومات دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ اس یاترا میں نیاے یودھا پروگرام بھی چلایا جائے گا۔ ادھر کانگریس نے بدھ کو کہا کہ پارٹی قیادت کو ایودھیا میں رام مندر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کا دعوت نامہ موصول ہوا ہے لیکن اس تقریب کا اہتمام بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کررہے ہیں۔ اس لیے پارٹی رہنماؤں نے اس پروگرام میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔