راکٹ سائنسداںڈاکٹر سومناتھ اسرو کے نئے سربراہ

چنئی//یو این آئی// سینئر راکٹ سائنسداں اور وکرم سارا بھائی خلائی مرکز (وی ایس ایس سی ) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس سوم ناتھ نے انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) اور خلائی محکمہ کے سکریٹری کے نئے چیف کے طور پر چارج سنبھال لیا ہے ۔ڈاکٹر سیون کی ریٹائرمنٹ کے بعد ڈاکٹر سومناتھ نے اسرو کے سربراہ کا عہدہ سنبھالا ہے ۔ ڈاکٹر سیون کی توسیع شدہ مدت جمعہ 14 جنوری کو ختم ہو گئی۔اسرو کی جانب سے نئے سربراہ کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ڈاکٹر سومناتھ چار سال سے وی ایس ایس سی کے ڈائرکٹر رہے ہیں اور انہوں نے ڈھائی سال تک والیامالا میں لیکوڈ پروپلشن سسٹم سینٹر (ایل پی ایس سی) کے ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔ ڈاکٹر سومناتھ نے کولم میں واقع ٹی کے ایم انجینئرنگ کالج سے مکینیکل انجینئرنگ میں بی ٹیک کی ڈگری حاصل کی ہے ۔انہیں ایسٹروناٹیکل سوسائٹی آف انڈیا نے 'اسپیس گولڈ میڈل' سے نوازا ہے ۔ ادھرریئر ایڈمیرل کے پی اروندن نے نیول ڈاک یارڈ (ممبئی)کے ایڈمیرل سپرنٹنڈنٹ کے طورپر عہدہ سنبھالا ہے ۔وزارت دفاع کی ہفتے کو جاری ایک ریلیز کے مطابق انہوں نے جمعہ کو ایک شاندار تقریب میں اپنی ذمہ داری سنبھالی ۔انہوں نے ریئر ایڈمیرل بی شیوکمار کی جگہ نیول ڈاک یارڈ ،ممبئی کے ایڈمیرل سپرنٹنڈنٹ کے طورپر عہدہ سنبھالا ہے ۔ریئر ایڈمیرل اروندن،نیول کالج آف انجینئرنگ ،آئی این ایس شیواجی،لوناولا کے نیول انجینئرنگ کورس کے پہلے بیچ سے نکلے ہیں۔وہ نومبر 1987 میں ہندوستانی بحریہ میں تعینات ہوئے تھے ۔