جموں//رام نگر ادہم پور سڑک پر پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں4خواتین سمیت کم از کم 6افراد ہلاک جب کہ دیگر 26افراد زخمی ہو گئے ہیں جن میں سے 5کی حالت نازک بیان کی جاتی ہے ۔شدید زخمیوں میں سے 4کو ملٹر ی ہسپتال ادہم پور جب کہ ایک کو جموں میڈیکل کالج منتقل کیا گیا ہے ۔ منگت رام ولد بھاگ مل ساکن گہگوٹ، راکیش ولد پرکاش چندساکن کوگڑ مڑھ، دلیپ کمار ولد رمیش کمار ساکن چنونتہ عمر 18سال اور 40سالہ چنچلو دیوی زوجہ رمیش کو ملٹر ی ہسپتال جب کہ51سالہ گوپال ولد کاکا رام ساکن کپیرلہ کو ان کی نازک حالت کے پیش نظر جموں میڈیکل کالج پہنچایا گیا ہے۔یہ حادثہ بعد دوپہر 2بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب رام نگر قصبہ سے قریب 16کلو میٹر دور کوگہا کے مقام پر ایک میٹا ڈور ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر سینکڑوں فٹ گہری کھائی میں جاگری۔ مہلوکین کی شناخت 75سالہ کیسری دیوی زوجہ پرسرام ساکن کھیں رام نگر، پائل دیوی دختر ملکھراج ساکن کھیں عمر 16سال، رویندر سنگھ ولد صندوکھو رام عمر 22سال ساکن گہگوٹ، منگت رام ولد سنیتو سنگھ ساکن بھٹیاری عمر 65سال، نشو دیوی زوجہ یشپال سنگھ ساکن بھگتریان اور 35سالہ نیتو زوجہ پریتم سنگھ ساکن ادہم پور کے طور پر کی گئی ہے ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ گاڑی رام نگر کی طرف جارہی تھی کہ کوگہا کے قریب ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر لڑھکتی چلی گئی، گاڑی میں کل32کے قریب مسافراور ڈرائیور و کنڈکٹر سوار تھے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ دوڑ پڑے لیکن عمودی کھائی سے زخمیوں کو سڑک تک پہنچانے میں انہیں کافی مشقت کا سامنا کرنا پڑا۔ رام نگر سے بھاری تعداد میں نوجوان، غیر سرکاری رضاکار اور پولیس و طبی امداد کا سامان لے کر دستے وہاں پہنچ گئے اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد سب ضلع ہسپتال رام نگر ، ضلع ہسپتال ادہم پور اور ملٹری ہسپتال ادہم پور منتقل کیا گیا جہاں سے 4شدید زخمیوں کو جموں منتقل کیا گیا ہے ۔زخمیوں راج کمار ولد اشوک کمار، منگت رام ولد بھاگ مل، راکیش ولد پرکاش چند، دلیپ کمار ولد رمیش کمار، چنچلو دیوی زوجہ رمیش، گوپال ولد کاکا رام، جگدیش کمار ولد وجے کمار، آشو دیوی زوجہ وجے کمار، بھانو پرتاپ ولد سورم چند، مہک دختر اترم سنگھ، ساکشی دختر اتم سنگھ، سنیل سنگھ ولد رومیش چندر، سیما دیوی زوجہ باکل سنگھ، دارا سنگھ ولد جمیل سنگھ، پنکی کماری دختر پرکاش چند، سیمار دختر شتو رام ، توشی دختر سورم چند، پنکج ولد پرکاش، ستیہ دیوی زوجہ پرکاش ، مکھنو دیوی زوجہ رومیش ، ریکھا دیوی زوجہ دیوراج، ساگر چند ولد منشی رام ، ساگر چند ولد منشی، شیلو دیوی زوجہ بلویر سنگھ ،ملکیت سنگھ ولد مہیش سنگھ ، پریہ ٹھاکر دختر بلویر سنگھ عمر 2سال اور یشپال شرما ولد گلابو رام شامل ہیں۔ 34سالہ سریندر سنگھ ولدہنسراج ساکن بھٹیاری، 40سالہ سبھاش سنگھ ولد دلیپ سنگھ ساکن کناہ اور 4سالہ راکیش کمار ولد پریتم سنگھ رام نگر ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کی حالت مستحکم بیان کی جاتی ہے ۔