نئی دہلی//قومی جمہوری محاذ (این ڈی اے ) کے صدارتی امیدوار رام ناتھ کووند نے صدر جمہوریہ کے منصب کو سیاست سے اوپر قرار دیتے ہوئے اس الیکشن کے ووٹر ڈویژن کے ارکان سے خود کو حمایت دینے کی اپیل کی ۔مسٹر کووند نے صدارتی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 125 کروڑ کی آبادی والا ہندوستان دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہے اور اس جمہوریت میں صدر کا عہدہ سب سے با وقار عہدہ ہے اور وہ اس اعلی ترین عہدے کے وقار کو برقرار رکھنے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ مسٹر کووند نے کہا کہ " جب سے میں گورنر بنا ہوں میری کوئی سیاسی پارٹی نہیں ہے ۔ میرا یقین رہا ہے کہ صدر کا عہدہ جماعتی سیاست سے اوپر ہونا چاہئے "۔ انہوں نے کہا کہ"میں ووٹر ڈویژن سے تعاون کی اپیل کرتا ہوں"۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں صدر کے عہدے کے لیے ڈا[؟] کٹر راجندر پرساد، ڈاکٹر رادھا کرشنن اور ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام جیسے عظیم شخصیات سے بخوبی واقف رہے ہیں۔ آئین کی بالادستی برقرار رکھنے کا یقین دلاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ"ہمارا آئین بالا تر ہے اور اس کی بالادستی برقرار رکھنا ہماری ذمہ داری ہے "۔ انہوں نے کہا کہ صدر جمہوریہ تینوں فوجی کمانوں کا سپریم کمانڈر بھی ہوتا ہے اور سرحدوں کی حفاظت ہماری ترجیح ہے ۔