بانہال // سنیچر کی شام جموں سرینگر شاہراہ پر رام بن کے سیری علاقے میں فورلین شاہراہ کی کھدائی کے دوران ایک بھاری پسی کی زد میں 7گاڑیاں آگئیں جس کے نتیجے میںایک شخص ہلاک جبکہ پانچ افراد کوزخمی حالت میں نکالا گیا۔رات دیر گئے کئی افراد ملبے کے نیچے دبے ہوئے تھے ۔ سنیچر کی شام چھ بجے کے قریب رام بن کے سیری علاقے میں پیش آئے اس واقعہ میں 3 ڈمپر ، 3 ٹرک ، کھدائی کرنے والی 2مشینیں اور 2ٹاٹا موبائیل سمیت7 گاڑیاں زد میں آکرتباہ ہوئیں۔یہ گاڑیاں ملبے کے نتیجے دب گئیں اور ان میں سوار افراد زندہ دب گئے۔ہندوستان کنسٹرکشن کمپنی ذرائع نے بتایا کہ کم از کم پانچ چھ افراد ابھی بھی ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں اور ان کو نکالنے کا سلسلہ سنیچر رات دیر تک جاری تھا۔ حادثے کے فورا بعد رام بن پولیس ، سیول کیو ار ٹی کے رضاکار اور ایس ڈی ار ایف کی ٹیمیں اور ضلع حکام موقع پر پہنچ گئے اور بچاو کارروائیوں کا سلسلہ شروع کیا گیا۔ ایس ایس پی رام بن حسیب الرحمان جو موقعہ پر موجود تھے، نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ فورلین شاہراہ کی کھدائی کے دوران اچانک ایک بڑی پہاڑی سڑک پر گر آئی جس کی وجہ سے دو مشینیں وہاں ملبے کے نیچے دب گئیں جبکہ وہاں کام کرنے والے کم از کم تین ڈمپر پسی کے ملبے سے نیچے شاہراہ پر گر گئے جس سے وہاں شاہراہ پر چل رہے کئی ٹرکوں کو شدید نقصانات سے دوچار ہونا پڑا ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ایک شخص کی موت کی تصدیق ضلع ہسپتال رام بن سے کی گئی ہے جبکہ پانچ زخمی افراد زیر علاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پسی کے نیچے دبے افراد کے بارے میں متضاد اطلاعات ہیں اور کم از کم دو تین افراد ابھی بھی ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملبے کے نیچے ایک مشین میں پھنسا ایک شخص ابھی بھی فون پر رابطے میں ہے اور وہ ابھی تک زندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی مشینوں کی مدد سے بچاو کارروائیاں جاری ہیں اور ملبے کے نیچے دبے افراد کو نکلانے کی کوشش سنیچر کی رات تک جاری تھی۔