بانہال //رام بن میں سڑک حادثے میں دوٹرکیں آپس میں ٹکرا کر300فٹ گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور تین دیگرزخمی ہوگئے۔رام بن میں بیٹری چشمہ کے نزدیک منگل کی صبح جموں سے سرینگر آنے والے دومال بردار ٹرک(ٹرالراورکنٹینر)سڑک پروزردار طورٹکراگئے اوراس کے بعد لڑھک کرتین سوفٹ گہری کھائی میں چناب کی طرف گر گئیں۔اس کے نتیجے میں موقعہ پرہی ایک شخص کی موت ہوگئی جبکہ تین دیگرزخمی ہوگئے۔زخمیوں کاعلاج رام بن اسپتال میں ہورہا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ دونوں گاڑیاں سرینگر جا رہی تھیں اور حادثہ رام بن ضلع میں منکی موڑ بیٹری چشمہ کے علاقے میں منگل کی صبح پانچ بجے کے قریب پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ راجستھان کے 30 سالہ ڈرائیور راجو رام نے غفلت سے کی جارہی ڈرائیونگ کے نتیجے میں ایک بیرون ریاستی کینٹر ٹرک کو ٹکر ماری اور ٹکر کے بعد دونوں گاڑیاں شاہراہ سے کم از کم اڑھائی سو فٹ نیچے دریائے چناب کی طرف کھائی میں گر گئیں۔ پولیس نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی رامبن پولیس ، فوج ایس ڈی آر ایف اور مقامی کیو آر ٹی رضاکاروں نے بچائو کاروائیوں کا آغاز کیا اور کھائی سے کنٹینر میں سوار اتر پردیش کے کارتھولی علاقے کے رہائشی انوج کمار عمر چالیس سال کی لاش برآمد کی۔ انہوں نے کہا کہ راجو رام اور دو دیگر زخمیوں کو ضلع ہسپتال رامبن منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانونی چارہ جوئی کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کیا جارہا ہے جبکہ رامبن پولیس سٹیشن میں اس سلسلے میں ایک کیس درج کیا گیا ہے۔