جموں // /پہاڑی ضلع رام بن میں کورونا وائرس کے پیش نظر پبلک ٹرانسپورٹ کو بند کردیاگیاہے ۔ساتھ ہی دفعہ 144کانفاذ کرتے ہوئے ریستورانوں، ہوٹلوں، بازاروںیہاں تک کہ جموں سرینگر شاہراہ پر واقع ڈھابوں کو بھی 31مارچ تک بند رکھنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں ۔ضلع مجسٹریٹ ناظم ضیا خان کی طرف سے اس سلسلے میں جاری ہونے والے حکمنامہ میں بتایاگیاہے ’’31مارچ تک ضلع میں پبلک ٹرانسپورٹ بشمول بسیں، منی بسیں، ٹیمپو، ٹاٹا سوموز، انووااور تویرا نہیں چلیں گی ،اورتمام بازار بشمول بٹوت، رام بن، چندرکوٹ، بانہال، گول، سنگلدان، راج گڑھ، کھڑی ، اکھڑال اور رامسو صبح 7بجے سے 10بجے تک اور شام 5بجے سے 7بجے تک کھلیں گے ‘‘۔ضلع مجسٹریٹ نے ہوٹل اور ریستوران کو بھی بند کرنے کا کہاہے تاہم سخت ضرورت کے وقت ہوٹل مالکان کو متعلقہ ایس ایچ او سے اجازت لیناہوگی۔ حکمنامہ میں کہاگیاہے کہ ایس ایس پی رام بن حسیب الرحمن ، سب ڈیویژنل مجسٹریٹس، تحصیلدار اور ایس ایچ او ز اس ایڈوائزری پر عمل کرنے کو یقینی بنائیں گے ۔رام بن میں تعینات ایک سینئر افسر نے بتایا کہ بیرون جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے مزدور وں کی نقل و حرکت بھی ایک خطرہ ہے اور ان کی اس نقل و حرکت کو محدود کیاجائے گا۔دریں اثناء ہوٹل ، ریستوران اور ڈھابے بند رہنے کی وجہ سے جموں سرینگر شاہراہ پر سفر کرنے والے مسافروں کو راستے میں کھانا بھی نصیب نہیںہوا۔