رام بن// گول، اکھرال ،کھڑی، نیل، راج گڑھ اور رام بن شہر کے ملحقہ علاقوں کے دور دراز علاقوں کے باشندے اپنے علاقوں میں پاور ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ کی طرف سے غیر اعلانیہ بجلی کی کٹوتیوں سے پریشان ہوچکے ہیں۔صارفین شکایت کررہے ہیں کہ سخت سردیوں کے ساتھ ساتھ غیر اعلانیہ بجلی کی کٹوتیوں نے ضلع کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی پریشانیوں میں اضافہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے سے زائد عرصے سے ان کے علاقوں میں بجلی کی سپلائی متاثر ہے اور محکمہ پاور ڈیولپمنٹ ان کی درخواستوں کے باوجود کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شدید سردی اور بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی نے ان کے علاقوں میں کاروبار سمیت ان کی سرگرمیاں بری طرح متاثر کی ہیں۔گول، اکھرال ،کھڑی، رامسو اور رام بن کے آس پاس اور ملحقہ علاقوں میں رہنے والے لوگوں نے کہا کہ بجلی کی طویل کٹوتی نے انکی پریشانیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اپنے علاقوں میں بجلی کی باقاعدہ فراہمی کے لیے متعلقہ محکمے سے رجوع کرنے کے باوجود حکام شدید سردی میں بجلی کی فراہمی کو بحال کرنے میں ناکام رہے ہیں ۔