رام بن //رہبرتعلیم فورم رام بن نے فورم کی مرکزی باڈی کی کال پر آج ہونے والے احتجاجی پروگرام میں شرکت کا اعلان کیا ہے ۔ یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فورم کے ضلعی نائب صدر تیرتھ سنگھ بھلوال نے کہا کہ ضلع کے تمام تعلیمی اداروں میں کام کرنے والے رہبر تعلیم اساتذہ آج اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کریں گے اور جموں نیز سرینگر میں ہونے والے مظاہروں کی بھی حمایت کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے بار بار کی یقین دہانیوں کے باوجود رہبر تعلیم اساتذہ کوکلی طور پر ساتویں پے کمیشن کے دائرہ میں نہیں لایا جا رہا ہے جب کہ ان کے بقایہ جات کی ادائیگی کے لئے بھی اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رہبر تعلیم اساتذہ پچھلے پانچ ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جس کی وجہ سے وہ ذہنی پریشانی کا شکار ہو چکے ہیں، ان کے کنبوں کو فاقہ کشی کی نوبت آگئی ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت رہبر تعلیم ٹیچروں کا استعمال بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات میں کرنے کے لئے جھوٹے وعدے کر رہی تھی لیکن اب ان وعدوں کو عملی جامہ پہنانے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جا رہا ہے ۔ اس موقعہ پر فاروق احمد وانی، کرن سنگھ، سنیل سنگھ ، محمد شفیع اور دیگران بھی موجود تھے۔ انہوں نے اتفاق رائے سے کہا کہ مرکزی باڈی کی طرف سے دئیے جانے والے ہر احتجاجی پروگرام کی بھر پور حمایت کی جائے گی۔