محمد تسکین
بانہال// جمعہ کی صبح سے رام بن اور بانہال کے علاقوں میں بارشوں کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی یکطرفہ آمدورفت پتھر گرنے کے اکا دکا واقعات کو چھوڑ کر مجموعی طور بغیر کسی خلل کے جاری رہی۔ جمعہ کی صبح سے ہی ٹریفک پولیس حکام نے وادی کشمیر سے جموں کی طرف پہلے چھوٹی بڑی مسافر بردار گاڑیوں اور بعد میں ٹرکوں کو چلنے کی اجازت دی تھی اور یہ سلسلہ شام تک جاری تھا۔ جمعہ کی صبح سے ہی بانہال اور رام بن کے سیکٹر میں رک رک کر ہلکی بارشوں کا سلسلہ شام تک جاری تھا جبکہ دور پہاڑوں پر تازہ برفباری ہوئی ہے۔ بارشوں کی وجہ سے کشتواڑی پتھر شیر بی بی کے علاقے میں پتھروں کے گرنے کیوجہ سے شاہراہ پر مختصر وقت کیلئے ٹریفک کی نقل وحرکت متاثر رہی تاہم بعد میں وہاں ٹریفک کو دوبارہ بحال کیا گیا۔ اس دوران رامسو کے ہنگنی علاقے میں سڑک کے ایک حصے میں دراڑیں پڑنے کیوجہ سے سڑک یکطرفہ ٹریفک کے ہی قابل ہو کر رہ گئی ہے۔ڈی ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے بانہال محمد اصغر ملک نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ بارشوں کے باوجود شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحرکت جمعہ شام تک جاری تھی اور مسافر گاڑیوں کے بعد قاضی گنڈ سے چھوڑے گئے ٹرک جموں کی طرف نکل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کی وجہ سے شیر بی بی کے علاقے میں کشتواڑی پتھر سمیت چند ایک مقامات پر پتھر بھی گرے تاہم شاہراہ کو مجموعی طور پر قابلِ آمدورفت بنائے رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر واقع ہنگنی رامسو میں سڑک میں دراڑیں پڑ گئی ہیں اور وہاں شاہراہ یکطرفہ ٹریفک کے ہی قابل رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ ناشری ٹنل اور نویگہ ٹنل بانہال کے درمیان متعدد مقامات پر یکطرفہ ٹریفک کے ہی قابل ہے اور سڑک کی سطح بھی کئی مقامات پر خراب ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ کے رامبن بانہال سیکٹر میں بھی بارشوں کا سلسلہ جمعہ شام تک جاری تھا اور آج یعنی ہفتے کے روز شاہراہ کا سفر کرنے کا ارادہ کرنے والے لوگ سڑک کی صورتحال جاننے کے بعد ہی جموں سرینگر قومی شاہراہ کے سفر پر نکلیں۔