رام بن+کشتواڑ//رام بن کے رامسو علاقہ اور کشتواڑ کے ڈول علاقہ میں سڑک کے دو مختلف حادثات کے دوران گاڑیوں کی آپسی ٹکر کے نتیجہ میں کم از کم ایک مسافر لقمہ اجل بن گیا جبکہ دیگر6مسافر زخمی ہوگئے ہیں۔پولیس نے بتایا کہ سنیچر کی رات کو سرینگر سے جموں جانے والے ایک ٹرک زیر رجسٹریشن نمبرJK09-6847 ناچلانہ رامسو کے مقام پر مخالف سمت سے آنے والی ٹاٹا سوموزیر رجسٹریشن نمبر JK02AG-5886 سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں سومو میں سوار ایک شخص کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس نے بتایا کہ زور کی ٹکر کے باعث ٹرک کا ڈرائیورگاڑی پر سے کنٹرول کھو بیٹھا اورگاڑی کئی فٹ گہری کھائی میں جا گری۔پولیس نے بتایا کہ حادثے کے فوراً بعد پولیس کے مقامی رضاکاروں کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور سومو سے ایک مسافر کی لاش اور ٹرک کے ڈرائیور اور کنڈکٹر سمیت تین زخمیوں کو نکال کر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بانہال منتقل کیا۔پولیس نے بتایا کہ متوفی کی شناخت محمد شفیع گجر ولد محمد اسماعیل گجر سکنہ ہنگنی رامسو کے نام سے ہوئی اور اسکی لاش آخری رسومات کے لیے قانونی ورثا کے حوالے کر دی گئی۔پولیس نے تین زخمیوں کی شناخت ڈرائیور سومو منظور احمد 30 ساکن چکہ سربگنی رامسو، ٹرک ڈرائیور محمد امین ڈار 25 ولد نبی ڈار اور ٹرک کے ہیلپر ہلال احمد 23 ولد محی الدین ڈار ساکنہ بانڈی پورہ کشمیر کے طور پر کی ہے۔ایس ایچ او تھانہ رامسو انسپکٹر نذیر احمد نے بتایا کہ قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ مزید تفتیش کے لیے تھانہ رامسو میں درج کیا گیا ہے۔ادھرضلع کشتواڑ میں اتوار کی صبح سڑک حادثہ میں تین افراد زخمی ہوئے جنھیں علاج کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ تفصیلاات کے مطابق یہ سڑک حادثہ اتوار کی صبح کشتواڑ پاڈر سڑک پر ڈول کے قریب پیش آیا جب نجی گاڑیوں آلٹو و ایکو کی آپس میں ٹکرہوئی جس میں تین افراد کو معمولی چوٹیں آئیں جنھیں مقامی لوگوں نے ہسپتال منتقل کیا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ سڑک پر گاڑیوں کی غلط پارکنگ کے سبب یہ سڑک حادثہ پیش آیا۔