ڈوڈہ //راشٹریہ رائفلز یونٹ بھدرواہ نے ڈوڈہ کے مشہور سیاحتی مقام چمبیال پدری میں گوجر بکروال و خانہ بدوش طبقہ سے وابستہ لوگوں کے لئے گھڑ سواری مقابلہ کا انعقاد کیا گیا جس میں بھاری تعداد میں گھڑ سواروں، بچوں و عام لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر بولتے ہوئے گوجر بکروال و خانہ بدوش طبقہ کے لوگوں نے فوج کی طرف سے گھڑ سواری مقابلہ منعقد کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فوج اس طبقہ کی فلاح و بہبود کی خاطر کئی طرح کے اقدامات کرتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فوج اس قسم کے پروگرام مستقبل میں بھی منعقد کرے گی۔ گھڑ سواری مقابلہ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ دکھانے والے افراد کی حوصلہ افزائی کی گئی اور فوج کی طرف سے نقدی رقم کے علاوہ سولر و مومنٹو بھی تقسیم کئے۔ فوج کے ایک آفیسر نے اس موقع پر بولتے ہوئے کہا کہ سدبھاؤنہ کے تحت یہ اپنی نوعیت کا سب سے بڑا پروگرام منعقد ہوا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں پسماندہ طبقہ سے وابستہ لوگوں نے شرکت کی ۔انہوں نے کہا کہ عوام و فوج کے درمیان بہتر تال میل بنائے رکھنے کے لئے اسطرح کے پروگرام آگے بھی جاری رہیں گے۔