جموں// دائیں بازو کی راشٹریہ بجرنگ دل نے ہفتہ کو جموں و کشمیر میں تعلیمی اداروں میں حجاب پہننے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔انہوں نے جموں و کشمیر سمیت ملک بھر کے تمام تعلیمی اداروں میں ڈریس کوڈ کے نفاذ کا مطالبہ کیا۔دل کے صدر راکیش بجرنگی کی قیادت میں مظاہرین ریاست کرناٹک کے حوالے سے تعلیمی اداروں میں حجاب پہننے کے خلاف یہاں جمع ہوئے۔بجرنگی نے بتایا "ہم نے حکومت ہند سے اسکولوں، کالجوں سے لے کر یونیورسٹیوں تک تعلیمی اداروں میں تمام طلبا کے لیے ڈریس کوڈ نافذ کرنے کی اپیل کی "۔انہوں نے کہا کہ طالبات کو تعلیمی اداروں میں ڈریس کوڈ کی خلاف ورزی یا حجاب پہننے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا "حکومت کو جموں و کشمیر میں یکساں ڈریس کوڈ کو سختی سے نافذ کرنا چاہیے"۔دریں اثنا، احتجاجی مظاہرے کے دوران دائیں بازو کے کارکنوں کا کہنا تھا کہ "طلبہ کو تعلیمی اداروں میں طے شدہ ڈریس کوڈ کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے"۔انہوں نے کہا کہ کچھ ملک دشمن عناصر اسے فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں اور انہوں نے حجاب پہننے پر اعتراض کیا جسے انہوں نے اسلامائزیشن کو پھیلانے کی کوشش قرار دیا۔ان کا کہناتھا"یہ کون سی طاقتیں ہیں جو سکولوں کے اندر حجاب چاہتی ہیں؟" ۔انہوں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے طلباء کو حجاب پہننے کی ترغیب دینے والے لوگوں سے سوال کیا۔انہوں نے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا کہ وہ مبینہ طور پر اپنی سوشل میڈیا پوسٹس سے صورتحال کو ہوا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
راشٹریہ بجرنگ دل کاجموں میں حجاب کے خلاف احتجاج
