سرنکوٹ //سرنکوٹ کے متعدد علاقو ں میں راشن گھاٹوں پر راشن کے سلسلہ میں نصب کر دہ بائیو میٹرک نظام مفلوج ہونے کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔صارفین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ بائیو میٹرک نظام نصب ہونے کی وجہ سے جہاں صارفین پریشان ہیں وہائیں بزرگ اور معذور افراد کو راشن سے محروم ہیں تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے اس سلسلہ میں ابھی تک کوئی عملی کارروائی نہیں کی جارہی ہے ۔ آل انڈیا ہومن رائٹس ایسوسی ایشن پبلسٹی آفیسر عبدالحفیظ کوہلی نے بتایا کہ بہت سے گاؤں میں لگ بھگ پچاس کے قریب اپاہج لوگ ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ معذور افراد کے گھروں میں راشن لانے کیلئے بھی کوئی شخص موجود نہیں ہے جبکہ کئی ایک عمر رسیدہ افراد بھی راشن سے محروم ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ راشن گھاٹوں پر نصب کر دہ بائیو میٹرک مشینوں پر فنگر پرنٹس بھی میچ نہیںہو رہے ہیں جس کی وجہ سے عام لوگوں کو راشن کی قلت کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔صارفین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کئی کنبوں کے افراد کے نام کاٹ دئیے گئے ہیں جبکہ اس سلسلہ میں ضلع انتظامیہ سے متعدد مرتبہ رجوع کر چکے ہیں لیکن ابھی تک اس مشکل کا کوئی حل نہیں نکالا جاسکا ہے ۔تحصیل سپلائی آفیسر سرنکوٹ نے بتایا کہ عمر رسیدہ اور معذور افراد کیلئے فارم بھرنے کی سہولیات میسر ہیں جس کے تحت سرپنچ سے دستخط کروانے کے بعد اہل خانہ سے کوئی بھی راشن لے سکتا ہے