کوٹرنکہ //کوٹرنکہ کی پنچایت راج نگر اپر گھبر میں بجلی کا ٹرانسفارمر خراب ہونے کی وجہ سے وارڈ نمبر 8اور وارڈ نمبر 9کی عوام گزشتہ کئی دنوں سے گھپ اندھیرے میں زندگی بسر کررہے ہیں ۔صارفین نے بتایا کہ گزشتہ کئی دنوں سے پنچایت میں نصب بجلی ٹرانسفارمر میں تکنیکی طورپر خرابی آئی ہوئی ہے جس کی وجہ سے صارفین پریشان ہیں لیکن انتظامیہ ومتعلقہ محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے ان ٹرانسفارمر کی مرمت ہی نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ٹرانسفارمر میں آئی خرابی کی وجہ سے صرف ایک فیس پر بجلی کی سپلائی بحال ہے جبکہ دیگر دوفیسوں کی خرابی کو دور کرنے میں کوئی دلچسپی ظاہر ہی نہیں کی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ کی لاپرواہی کے سلسلہ میں انتظامیہ کے عوامی دربار میں بھی شکایت درج کروائی جس کے دوران متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ آفیسران نے اس کی مرمت کی یقین دہانی بھی کروائی ۔