جموں// پی ڈی پی کے سینئر لیڈر نظام الدین بٹ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ راج بھون کے تمام راستے کشمیریوں کیلئے بند کئے گئے ہیں۔ جموں میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نظام الدین بٹ نے کہا کہ جموں وکشمیر میں بد انتظامی نے نئی اونچائیوں کو چھو لیا ہے جبکہ گورنر انتظامیہ کی طرف سے زمینی سطح پر مسائل کا ازالہ نہ کرنے سے لوگوں کا کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں سخت ترین موسمی حالات کے دوران بنیادی اشیاء کی قلت کا سامنا ہے اور انتظامیہ میں کوئی ایسا نہیں ہے جو لوگوں کی فریاد سن سکے۔ انہوں نے اس بات کو تشویشناک قرار دیا کہ درد زہ میں مبتلا ایک خاتون کو طبی سہولیات فراہم نہیں کی گئی جس کی وجہ سے اس نے کھلے آسمان تلے سخت ترین موسمی قہر کے بیچ بچے کو جنم دیااور مرگیا۔ان کا کہنا تھا کہ گورنر انتظامیہ کی طرف سے کئے جا رہے دعوئوں کا اس طرح کے واقعات سے ہوا نکل رہی ہے۔نظام الدین بٹ نے وادی میں بجلی کی عدم دستیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو گھپ اندھیرے میں زندگی گزارنی پڑ رہی ہے اور اس سے نپٹنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ گورنر ہاوس کے دروازے کشمیریوں کیلئے بند ہوئے ہیں اور جو عوامی نمائندے بھی لوگوں کی فریاد لیکر گورنر کے پاس جانا چاہتے ہیں،ان کیلئے بھی دروازے نہیں کھولے جا رہے ہیں۔ نظام الدین بٹ نے کہا کہ بانڈی پورہ ضلع کو نظر انداز کیا جا رہا ہے اور ترقیاتی پروجیکٹوں پر بھی تعمیراتی کام کو بند کیا گیا ہے۔