سرینگر//صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا نے کہا ہے کہ راج باغ سرینگر میں موجود ریاست کی اہم ریشم فیکٹری کی شان رفت کو بحال کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوںنے کہا کہ اس فیکٹری کی بحالی اور اس میں جدت لانے کے لئے عالمی بینک نے 23کروڑروپے سے زائد کی رقم منظور کی ہے۔ان باتوں کا اظہار وزیر موصوف نے اس فیکٹری کے دورے کے دوران کیا۔ ان کے ہمراہ وائس چیئرمین جے اینڈ کے انڈسٹریز لمٹیڈ گلزار احمد ،کمشنر سیکرٹری شیلندر کمار، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے آئی اور دیگر افسران بھی تھے۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ فیکٹری کی بحالی کے لئے عالمی بینک نے ایک سکیم کے تحت رقم منظور کی ہے۔وزیر کو جانکاری دی گئی کہ سال 2014ء کے تباہ کن سیلاب کی وجہ سے فیکٹری کو کافی نقصان سے دوچار ہونا پڑا ہے۔پانی کی وجہ سے مشینیں ، خام مال ، ریشم سے تیار کی گئی چیزیں اور دیگر اشیاء تباہ ہوگئیں۔علاوہ ازیں یہ بھی بتایاگیا کہ فیکٹری میں بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے سے سالانہ پیداواری صلاحیت 12ہزار میٹر سے 5لاکھ میٹر تک پہنچ جائے گی۔وزیرنے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ اس ادارے کو ایک فائدہ بخش اور فعال یونٹ میں تبدیل کیا جائے تاکہ آمدن کے ساتھ ساتھ روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع بھی پیدا ہو جائیں ۔گنگا نے وہاں موجود اہلکاروں کے ساتھ بات کی اور ان کے مطالبات سنے وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے تمام جائز مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔