راجیہ سبھا انتخابات: ٹی آرایس امیدواروں کو مجلس کی حمایت، اسد الدین اویسی کا اعلان

حیدرآباد// حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ و صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین بیرسٹر اسد الدین اویسی نے راجیہ سبھا کے انتخابات میں تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آرایس کی حمایت کرنے کااعلان کیا ہے ۔اس سلسلہ میں صدر مجلس نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے یہ اطلاع دی ہے ۔ راجیہ سبھا کے انتخابات کے لئے ٹی آرایس کے پاس 90ارکان اسمبلی ہیں۔مجلس کی حمایت کے بعد یہ تعداد 97ہوجائے گی۔تلنگانہ میں راجیہ سبھا کی تین مخلوعہ نشستیں ہیں۔ تلنگانہ سے ریٹائرڈ ہونے والے ارکان میں آر آنند بھاسکر(کانگریس)،پی گووردھن ریڈی (کانگریس )،ٹی دیویندرگوڑ(تلگودیشم) شامل ہیں۔ پی گووردھن ریڈی کا انتقال ہوگیا ہے ۔5مارچ کو انتخابی اعلامیہ جاری کیا گیا ہے ۔12مارچ پرچہ نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ ہوگی۔13مارچ کو پرچوں کی جانچ ہوگی اور 15مارچ نام واپس لینے کی آخری تاریخ ہوگی۔23مارچ کو صبح 9بجے تا شام چار بجے رائے دہی ہوگی اور اسی شام ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ توقع ہے کہ ٹی آرایس تمام تین نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔اسی دوران ٹی آرایس کے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دینے کے لئے کل پارٹی کے ہیڈ کوارٹرس تلنگانہ بھون میں ایک اہم میٹنگ منعقد کی جائے گی۔اس میٹنگ کے بعد ہی ناموں کااعلان کیاجائے گا۔پارٹی کے جنرل سکریٹری سنتوش کے نام کو حتمی شکل دیئے جانے کی اطلاع ملی ہے تاہم کل ہی سرکاری طورپر امیدواروں کے ناموں کا اعلان کل کئے جانے کی توقع ہے ۔
   یادو کوٹہ سے جئے پال یادو،لنگیا یادو بھی دوڑ میں ہیں جبکہ اومامادھوریڈی یا پھر محبوب عالم خان کو امیدوار بنائے جانے کاامکان ہے ۔پارٹی کے امیدوار 12مارچ کو اپنے پرچہ نامزدگی داخل کریں گے ۔یواین آئی