راجوری کے کوٹرنکہ قصبہ میں مشکوک دھماکے | اعلیٰ سطحی تحقیقات جاری، تکنیکی ٹیموں نے جائے وقوعہ کامعائینہ کیا

راجوری//سیکورٹی فورسز راجوری ضلع کے کوٹرنکہ سب ڈویژن ہیڈکوارٹر ٹاؤن میں ہفتہ کی شام دیر گئے دو دھماکوں کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کر رہی ہیں اور ابتدائی تحقیقات میں کچھ شواہداکٹھا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔یہ دونوں دھماکے ہفتے کی رات آٹھ سے 8:30بجے کے درمیان ہوئے۔ ان دونوں دھماکوں کی جگہ ایک دوسرے سے بمشکل 20میٹر کے فاصلے پر ہے اور پولیس اسٹیشن کنڈی سے تقریباً سو میٹر کے فاصلے پر مرکزی بازار کوٹرنکہ میں واقع ہے۔ان دو دھماکوں میں اگرچہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن اس سے پورے علاقے میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دوہرے دھماکوں کے اس واقعہ کو فورسز نے ایک ’سنگین سیکورٹی تشویش‘ کے طور پر لیا ہے جس کی اعلیٰ سطحی تحقیقات جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ ’واقعہ کے بعد، پولیس نے کنڈی تھانے میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کیا ہے اور پولیس کی تفتیش جاری ہے جس کی براہ راست نگرانی ایس ایس پی راجوری کر رہے ہیں جبکہ سینئرز کو تفتیش کی صورتحال کے بارے میں باقاعدہ رائے دی جارہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی فوج اس معاملے کی تحقیقات بھی کر رہی ہے کہ دھماکے کی جگہ فوج کی رومیو فورس کی ذمہ داری میں آتی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ مختلف انٹیلی جنس ایجنسیوں کی کئی دیگر اعلیٰ سطحی ٹیموں نے بھی دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا اور اثرات کا جائزہ لیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ فوج اور پولیس دونوں کے ماہرین جن میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کے خصوصی دستے بھی شامل ہیں جو ہفتے کی شام کو دھماکے کی جگہ پر پہنچے تھے، وہیں کیمپ لگا کر اپنی مشقیں جاری رکھیں۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور ہم ابتدائی تفتیش میں کچھ شواہد ملنے کیلئے پرامید ہیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ہفتہ کو ہونے والے ان دوہرے دھماکوں کے بعد جموں و کشمیر پولیس نے ایک بیان جاری کرکے بتایا کہ یہ دونوں دھماکے کم شدت کے تھے جو کوٹرنکہ قصبے میںشام کو ہوئے تھے ۔بیان میں مزید بتایا گیا کہ ان دونوں دھماکوں میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا اور معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔