راجوری کے غمزدہ کنبوں کو ہر حال میں انصاف فراہم کیا جائے گا: ایل جی سنہا

سری نگر// جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ ضلع راجوری کے تین نوجوانوں، جنہیں ضلع شوپیان میں ایک مبینہ فرضی جھڑپ میں مارا گیا ہے، کے غمزدہ کنبوں کو ہر حال میں انصاف فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فوج اور جموں و کشمیر پولیس معاملے کی تحقیقات میں جٹی ہوئی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے یہ باتیں پیر کے روز راج بھون میں ایک پریس کانفرنس کے دوران غمزدہ کنبوں سے حاصل نمونے مہلوک نوجوانوں کے ڈی این اے سے میچ کرنے میں ہو رہی غیر معمولی تاخیر سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جموں کشمیر کیلئے ایک خاص اقتصای پیکیج کا اعلان عنقریب کیا جائے گا جس کا مقصد یہاں کی بیمار معیشت کے اندر نئی جان ڈالنا ہے۔
ایل جی سنہا کا کہنا تھا کہ اس اقتصادی پیکیج کا اعلان ایک ہفتے کے اندر کیا جائے گا۔