راجوری// راجوری شہر 'وائٹ سٹی' بننے کے لئے تیار ہے جس کے لیے سرکاری حکام نے میونسپل کونسل راجوری کی حدود میں سڑک کے کنارے تمام ڈھانچوں کو سفید رنگ دینے کا منصوبہ شروع کیا ہے۔ راجوری کو سفید شہر میں تبدیل کرنے کا فیصلہ خوبصورتی کے مقصد کے ساتھ لیا گیا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ راجوری شہر کو 'وائٹ سٹی' میں تبدیل کرنے کے منصوبے کا فیصلہ ضلعی انتظامیہ راجوری کی میونسپل کونسل کے ساتھ منعقدہ ایک حالیہ اجلاس کے دوران کیا گیا ہے جس میں شہر کو خوبصورت بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ میونسپل کونسل راجوری کے صدر محمد عارف نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بلدیاتی قوانین کے تحت فیصلہ لیا گیا ہے اور کونسل نے سڑک کے کنارے واقع تمام دکانداروں اور دیگر عمارتوں کے مالکان سے ان کے ڈھانچے کو سفید رنگ بھرنے کے لئے کہا ہے۔محمد عارف نے کہا "دکانیں ، مکانات ، دیگر کاروباری ، تجارتی اور نجی ادارے ، مذہبی مقامات اور سرکاری عمارتوں کی بیرونی دیواریں سفید رنگ کی ہوں گی اور ہم نے سب سے اس کے لئے کہا ہے اور لوگوں کی اکثریت نے پہلے ہی یہ کام شروع کردیا ہے" ۔ انہوں نے کہا کہ اس کی تکمیل کے بعد راجوری کو 'وائٹ سٹی' کے نام سے جانا جائے گا جو پورے جموں و کشمیر میں اپنی نوعیت کا پہلا شہر ہوگا اور شہر کو ایک نئی شکل دے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کے تحت گھروں کی دیواروں اور دیواروں کے ساتھ ساتھ دکانوں کے شٹر کو سفید رنگ دینا ہے۔