راجوری //راجوری ضلع کے ایک نوجوان نے کرکٹ میدان میں اپنا لوہا منواتے ہوئے قومی انڈر 19کرکٹ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گیا ہے ۔ضلع ہیڈ کوارٹر سے تعلق رکھنے والے حافظ امان زری کو قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کیلئے منتخب کیا گیا ہے اور وہ اگلے ماہ دبئی میںشروع ہونے والے چار ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ ۔مذکورہ نوجوان ایک ابھرتا ہوا باصلاحیت کرکٹر ہے اور کم عمری کا نامور حافظ بھی ہے۔مرکزی قصبہ راجوری کے عقیل زراری اور یاسمین زری کا بیٹا، نوعمر لڑکا 11ویں کلاس کا طالب علم ہے اور اس نے عرفان پٹھان کرکٹ اکیڈمی پنجاب میں کرکٹ کی تربیت لی ہے۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے امان زری نے کہا کہ پنجاب میں عرفان پٹھان کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ لینے کے بعد انہوں نے اسکریننگ ٹیسٹ میں پرفارم کیا اور انڈر 19 قومی کرکٹ ٹیم کیلئے منتخب ہو گئے۔نوجوان کھلاڑی نے بتایا کہ ’یہ ایک خواب کے سچ ہونے کی طرح تھا کیونکہ میں دور دراز اور سرحدی ضلع راجوری کا رہائشی ہوں اور مجھے ملک کی نمائندگی کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انڈر 19 قومی کرکٹ ٹیم میں منتخب ہونے کے بعد وہ اس ٹیم کا حصہ ہوں گے جو آئندہ ماہ دبئی میں شروع ہونے والے چار ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ میں کھیلے گی۔انہوں نے بتایا کہ وہ ایک آل راؤنڈرہیں اور اس ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے کی پوری کوشش رہے گی ۔پوچھے جانے پر امان نے کہا کہ ان کا اگلا خواب مین کرکٹ ٹیم میں ملک کی نمائندگی کرنا اور روہت شرما اور ویرات کوہلی جیسے بڑے کرکٹ کے ساتھ کھیلنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ’میں پونچھ ضلع کے سرنکوٹ میں ایک مذہبی ادارے (مدرسہ) میں رہا اور وہاں مذہبی تعلیم حاصل کی جس کے دوران میں نے مکمل قرآن کی زبانی تلاوت کرنے میں کامیابی حاصل کی اور حافظ کا ٹیگ حاصل کیا۔