راجوری پونچھ میں کشیدہ صورتحال کے بیچ | فوجی سربراہ ایم ایم ناروانے نے ایل او سی کا دورہ کیا

راجوری +پونچھ //خطہ پیر پنچال میں بڑھتی ہوئی ملی ٹینسی اور دونوں اضلاع کے درمیانی علاقہ میں چل رہے فوجی انکائونٹر کے دوران فوجی سربراہ ایم ایم ناروانے  راجوری پونچھ کے سرحدی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے صورتحا ل کا جائزہ لیا ۔اس دوران موصوف کے ہمراہ اعلی فوجی آفیسران بھی موجود تھے ۔فوجی ترجمان نے بتایا کہ'فوجی سربراہ ایم ایم ناروانے نے وائٹ نائٹ کارپس کے اگلے علاقوں کا دورہ کیا اور لائن آف کنٹرول پر تازہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ فوجی سربراہ کو وہاں تعینات کمانڈروں نے موجودہ صورتحال اور لائن آف کنٹرول پر دراندازی کے خلاف جاری آپریشن کے متعلق جانکاری فراہم کی۔غور طلب ہے کہ آفیسر موصوف پیر کے روز دو روزہ دورے پر جموں آئے ہیں ۔فوجی سربراہ کا یہ دورہ اس وقت ہوا ہے جب پونچھ کے مینڈھر سیکٹر میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ گذشتہ نو دنوں سے جاری ہے۔ان جھڑپوں میں دو جے سی اوز سمیت9  فوجی جوان جان بحق ہوئے ہیں۔فوج کی جانب سے مینڈھر سب ڈویژن کے طوطا گلی اور بھاٹہ دھوڑیاں جنگلات میں چھپے ہوئے جنگجوؤں کا مقابلہ کرنے کے لئے پیرا کمانڈوز، ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔