راجوری//خطہ پیر پنچال کے جڑواں اضلاع راجوری اور پونچھ میں سیکورٹی ہائی الرٹ جاری ہے یوم جمہوریہ کے بعد بھی سیکورٹی فورسز تمام علاقوں اور خاص طور پر لائن آف کنٹرول کے ساتھ واقع علاقوں میں چوکسی برقرار رکھے ہوئے ہیں۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پولیس، فوج اور دیگر نیم فوجی دستے اندرونی علاقوں کیساتھ ساتھ حد متارکہ کے نزدیکی علاقوں میں پوری مستعدی کیساتھ اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں تاکہ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ کیساتھ نمٹنے میں کوئی کسر باقی نہ رہے ۔انہوں نے بتایا کہ سرحدی اضلاع میں سیکورٹی فورسز صورتحال کو پرسکون اور پرامن رکھنے کیلئے تمام حفاظتی اقدامات کو یقینی بنا نے پوری طرح سے چوکسی برقرار رکھے ہوئے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ پہلے یوم جمہوریہ کے لئے سیکورٹی الرٹ جاری کیا گیا تھا تاکہ یوم جمہوریہ پر حالات کو پرسکون رکھنے میں کامیابی حاصل کی گئی ہے لیکن اس الرٹ کو مسلسل جاری رکھا گیا ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فورسز کیلئے اب سب سے بڑی پریشانی موسم کی خراب حالت ہے جس کی وجہ سے ایل او سی پر بہت سے علاقوں میں دھند پڑتی ہے جو دراندازی کیلئے ایک آڑ کا کام کرتی ہے اور عسکریت پسند ایسے موسمی حالات میں دراندازی کی کوشش کرتے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ اندرونی علاقہ میں سیکورٹی کی دیکھ بھال کرنے والی فورسز خاص طور پر ایل او سی کے ساتھ والے علاقوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں جنہیں دراندازی کے بدنام راستوں کے طور پر جانا جاتا ہے۔