راجوری //راجوری ضلع میں ایک 96سالہ بزرگ نے کووڈ کو شکست دے دی جبکہ اہل خانہ نے بتایا کہ بر وقت علاج معالجے کیساتھ ساتھ ویکسین نے صحتیابی میں مدد کی ہے ۔کووڈ کے شروع ہونے کے بعد جہاں وائرس کی وجہ سے ہزاروں افراد کی موت ہوئی ہے وہائیں کئی ایسے واقعات بھی سامنے آئے ہیں جہاں پر بزرگوں نے بھی وائرس کو شکست دی ہے ۔اس دوران محکمہ صحت کے ملازمین اور ڈاکٹروں کی کارکردگی بھی نمایاں رہی ہے ۔راجوری ضلع میں 96سالہ امر ناتھ جن کا تعلق ضلع کے ساسل کوٹ گائوں سے ہے ،نے کووڈ کو کامیابی کیساتھ شکست دے دی ہے ۔ان کے اہل خانہ او ر دیگر رشتہ دار ان کو کووڈ فائٹر تسلیم کرتے ہیں ۔اہل خانہ نے بتایا کہ مذکورہ بزرگ کبھی بھی اس وائرس سے خوف زدہ نہیں ہوئے جبکہ وہ محض دس دنوں میں صحتیاب ہوگئے ہیں ۔بھوشن لعل نے بتایا کہ ان کے والد کو کچھ دن قبل کووڈ کی علامتیں ظاہر ہوئی تھی جس کے بعد ان کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر ان کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ بزرگ کو گھریلو قرنطینہ میں رکھا گیا تاہم ان کی صحت مزید خراب ہونے کی وجہ سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔اہل خانہ نے ڈاکٹروں کی جانب سے کی کوئی کوشش کی بھی تعریف کی ۔ہسپتال کے ڈاکٹروں نے امر ناتھ کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے محکمہ صحت کے ملازمین و ڈاکٹروں کیساتھ تعاون کیا جس کی وجہ سے وہ صحت یاب ہوئے ہیں ۔دس دنوں کے بعد ان کا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد امر ناتھ کو ہسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے ۔امرناتھ اور ان کے اہل خانہ نے بتایا کہ وقت پر دی گئی ویکسین و دیگر علاج معالجہ ان کی صحتیابی کی وجہ بنی ہے ۔
راجوری میں 96سالہ بزرگ نے کووڈ کو شکست دی
