راجوری//خوراک ، شہری رسدات ، امور صارفین اور قبائلی امور کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ حکومت نے عوامی تقسیم کاری نظام کی ڈیجیٹائزیشن اور اسے مزید شفاف اور جواب دہ بنانے کے لئے کئی اقدامات شروع کئے ہیں۔وزیر موصوف الفاگیٹ راجوری میں سرکاری سیل ڈیپو ای پی ڈی ایس پروجیکٹ کے تحت پی او ایس مشین کی شروعات کرنے کے بعد تقریب پر خطاب کررہے تھے۔اس موقعہ پر کمشنر سیکرٹری ایف سی ایس اینڈ سی اے ایم ڈی خان کے علاوہ ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ذوالفقار علی نے کہا کہ پہلے مرحلے کے تحت ضلع میں 15راشن ڈیپوئوں کو ای پی ڈی ایس نظام کے دائرے میں لایا جارہا ہے جبکہ اگلے تین مہینوں کے دوران ضلع کے تمام فیئرپرائس دکانوں میں یہ عمل شروع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پی او ایس مشینوں کو سرور کے ساتھ جوڑا گیا ہے جو ہر ایک لین دین کو پورٹل پر اَپ لوڈکرے گا اور اس عمل کی ملک کی کسی بھی حصے سے نگرانی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آدھار پر مبنی ان مشینوں پر قیمت ، سکیل اور صارفین کی تفاصیل بھی درج ہوں گی اور کسی بھی طرح کے خرد برد کی کوئی گنجائش نہیں رہے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت راشن ڈیپوئوں کے ذریعے انتہائی کم قیمتوں پر دالیں بھی دستیاب رکھے گا اور ان ڈیپوئوں پر لیپ ٹاپ کی خدمات بھی دستیاب رکھی جائیں گی تاکہ ان مراکز پر فارم بھرنے اور ٹکٹ نکالنے کی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔آن لائن شکایتیں حل کرنے کے پورٹل پر ملی شکایات کا ذکرکرتے ہوئے ذوالفقار علی نے کہا کہ ریاست میں 28لاکھ راشن صارفین ہونے کے باجود بھی حکومت نے ایک قلیل مدت میں راشن کی معقول دستیابی کو یقینی بنایا۔ بعد میں وزیر نے ضلع ہسپتال میں ایک کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی تیمار دار سرائے کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ انہوںنے کہاکہ اس سرائے کو چار مہینوں کے اندر اندر مکمل کیا جاناچاہیے تاکہ عام لوگ اسے استعمال میںلاسکیں۔