راجوری+مہور//راجوری کی پنچایت چھنی بی میں ایک مکان کے منہدم ہوجانے سے دوافراد لقمہ اجل بن گئے۔ ادھر ریاسی ضلع کے سب ڈویژن نہوچ مہور میں اتوار کے روز ایک نوجوان پہاڑی سے گرکر لقمہ اجل بن گیا۔ چھنی بی میں بارشوں کے بیچ سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب کو یہ حادثہ پیش آیا۔پولیس کے مطابق بارشوں سے محمد حسین ساکن چھنی بی پنچایت کا مکان منہدم ہوگیا جس کے نتیجہ میں دو افراد ملبے تلے دب کر رہ گئے جنہیں بعد میں وہاں سے نکالاگیاتاہم دونوں کی جان جاچکی تھی ۔ ان کی شناخت محمد پرویز اور منظور حسین کے طور پر ہوئی ہے جو دونوں مقامی ہیں ۔چھنی پنچایت دھرمسال علاقے میں واقع ہے ۔اس دوران 32سالہ محمد رفیق والد غلام دین نہوچ گمنیوگ کے نزدیک کہیںجارہا تھا کہ اچانک پاؤں پھسل گیااور گہری کھائی میں جاگرا، جس کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔حادثہ کے بعدپولیس پوسٹ دیول کی ایک پولیس ٹیم سے موقع پر پہنچی اور قانونی لوازمات پورا کرنے کے بعد نعش کو لواحقین کے سپرد کر دیا گیا۔واضح رہے کہ مرحوم مشترکہ خاندان کے ساتھ رہتا تھا اور مرحوم نے ضعیف والدین سمیت دو بھائیوں اور تین بہنوں کے علاوہ چار کمسن بچے اور اپنی بیوی کو پیچھے چھوڑ دیا۔مرحوم کے دو بہنوں اور ایک بھائی کی شادی ہوگئی تھی جبکہ دیگر کنبہ کے افراد مشترکہ رہتے تھے ۔مرحوم کے چار بچوں کے نام 10 سالہ مظفر احمد، 8 سالہ شائستہ بانو،5سالہ توسیف احمداور3سالہ محمد عادل ہیں اور اب اس کنبہ کا کوئی کفیل نہیں رہا ہے۔