راجوری //ضلع جیل ڈانگری میں قید ایک زیر سماعت قیدی پولیس کی آنکھوں میں دھول جھونک کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ، اس سلسلہ میں 3اہلکاروں کی معطلی کے احکامات جار ی کرکے مفرورقیدی اور اہلکاروں کے خلاف اس سلسلہ میں معاملہ درج کر لیا گیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ محمد ریاض ولد محمد شفیع ساکن مراد پور ضلع راجوری کے خلاف قتل کے ایک معاملہ میں دفعہ 302 RPCکے تحت نوشہرہ پولیس تھانہ میں ایف آئی آر 102/2016درج ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کو ضلع عدالت میں پیشی پر لایا گیا تھا اور جب بعد دوپہر اسے واپس ضلع جھیل ڈھانگری لے جایا جا رہا تھا تو وہ اہلکاروں کو جھل دے کر فرار ہو گیا ۔ جونہی ملزم کے فرار کی خبر پھیلی تو پولیس نے چاروں طرف محاصرہ کر کے اس کی تلاش شروع کر دی اور کئی مشتبہ مقامات پر چھاپے مارے گئے لیکن آخری خبریں ملنے تک اسے گرفتار نہیں کیا جا سکا تھا۔ ضلع ایس ایس پی یوگل منہاس نے معاملہ کی تصدیق کرتے ہوئے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ فرائض منصبی میں کوتاہی کی پاداش میں ایک اے ایس آئی اور دو کانسٹبل معطل کر دئیے گئے ہیں جب کہ ان کے خلاف راجوری پولیس تھانہ میں ایک ایف آئی آر نمبر 522/2017 زیر دفعہ 223/224 RPC درج کی گئی ہے ۔معطل شدہ اہلکاروں میں اے ایس آئی دین محمد،ہیڈ کانسٹبل محمد صفور اور سلیکشن گریڈ کانسٹبل غلام مصطفی شامل ہیں۔