راجوری //ضلع راجوری میں گزشتہ دنوں ہوئی شدید بارش کے بعد دریا میں آئی طغیانی میں پھنسے 3افرد کو فوجی اہلکاروں نے 12گھنٹوں کے طویل آپریشن کے بعد بچالیا ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بدھ کو راجوری کے مختلف علا قوں میں ہوئی شدید بارش کے بعد دریائوں او ر ندی نالوں میں شدید نوعیت کی طغیانی آگئی تھی جس میں ڈھانگری بڈھائوں علاقہ میں 3افراد دریا کے بیچ جزیرے میں پھنس گئے تھے تاہم سیول انتظامیہ کی جانب سے اس سلسلہ میں فوج کو اطلاع فراہم کی گئی جس کے بعد فوجی اہلکاروں نے اعلیٰ آفیسران کی قیادت میں بچائو کارروائی شروع کی ۔بدھ بعد دوپہر شروع کر دہ بچائو کارروائی کے دوران دریا کی دو چینلوں کو عبور کرلیاگیا تھا تاہم شام ہونے کی وجہ سے آپریشن کو صبح تک کیلئے معطل کیا گیا ۔جمعرات کی صبح ہی فوج کی جانب سے آپریشن دوبارہ سے شروع کیا گیا ۔انتظامیہ نے بتایا کہ جمعرات کی صبح فوجی اہلکاروں نے تیسری چینل کو عبور کر کے تینوں افراد کو با حفاظت باہر نکال لیا ۔