راجوری// جموں وکشمیر کے ضلع راجوری کے نوشہرا علاقے میں نجی کار اور فوجی گاڑی کے درمیان ٹکرہونے کے باعث سابق پولیس آفیسر ہلاک جبکہ چھ سالہ بچی سمیت چار دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ’منگل کے روز جموں پونچھ شاہراہ پر نوشہرا کے نزدیک فوجی گاڑی اور نجی کار کے درمیان شدید ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں ریٹائرڈ پولیس سب انسپکٹر سمیت پانچ افراد زخنی ہوئے‘۔
انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر فوری طورپر نزدیکی اسپتال پہنچایا گیا تاہم ڈاکٹروں نے ریٹائرڈ سب انسپکٹر جس کی شناخت محمد مشتاق خان کے بطور ہوئی ہے کو مردہ قرار دیا۔
سرکاری ذرائع نے زخمیوں کی شناخت عتا ا ﷲ، چھ سالہ بچی ماریا، سلیمہ بی اور اقرا پٹھان ساکنان سالوا مینڈھر پونچھ کے بطور کی ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ عتا ا ﷲ اور اقرا پٹھان کی حالت ڈاکٹروں نے نازک قرار دے کر اُنہیں مزید علاج ومعالجہ کی خاطر گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا ہے۔
پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔