راجوری //راجوری ضلع میں جمعرات و جمعہ کی درمیانی شب ہوئی شدید بارش کی وجہ سے ندی نالیوں میں سیلابی صورتحال پید ہوگئی جبکہ کئی رابطہ سڑکوں پر ٹریفک نظام میں بھی خلل آیا ۔بارش کی وجہ سے ضلع کے موگلہ تا کرلیاں رابطہ سڑک مکمل طورپر بند بھی ہوئی گئی ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب و صبح ضلع کے متعدد علاقوں میں شدید بارش ہوئی جس کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہو کررہ گئی ۔انہوں نے بتایا کہ شدید بارش کی وجہ سے دریاﺅں و ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی جس کی وجہ سے کئی ایک رابطہ سڑکوں پر ٹریفک نظام بھی متاثر ہوا ۔اس دوران ضلع راجوری کےساتھ ساتھ مینڈھر کے طو طا گلی علاقہ سے جموں پونچھ شاہراہ پر بھی ٹریفک کچھ عرصہ کےلئے بند رہی ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جموں پونچھ شاہراہ پر آئی پسی کی وجہ سے گھنٹوں دو طرفہ ٹریفک بند رہی تاہم محکمہ گریف کی جانب سے کی گئی کارروائی کے بعد ہی شاہراہ کو ٹریفک کےلئے بحال کیا گیا ۔راجوری ضلع میں کئی سڑکیں بارش و سیلابی صورتحال کی وجہ سے متاثر ہوئی ہیں ان میں کئی ایسی سڑکیں ہیں جن پر متعلقہ حکام کی جانب سے تار کول نہیں بچھایا گیا تھا ۔