راجوری//قصبہ راجوری میںآورارہ کتوں اوردیگرجانوروںکی بھرمار سے شہریوں کا صبح اورشام کے وقت گھر وںسے باہرنکلنا محال بنتا جارہا ہے اور آوارہ کتے گلی کوچوں میں انسانوں پر حملہ آور ہورہے ہیں جس کی وجہ سے خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوگیا ہے اور چھوٹے بچوں کا گھر سے نکلنا کسی خطرے سے خالی نہیں ہے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ میونسپل حکام کے پاس آوارہ جانوروں سے نمٹنے کے سلسلے میں کوئی پالیسی نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ قصبہ راجوری میں لگ بھگ تمام سڑکوں اورگلیوں میں آوارہ کتے گھومتے ہوئے نظرآتے ہیں۔محمدعمرنامی ایک شخص نے کہاکہ قصبہ میں آوارہ کتے راہ گیروں کیلئے پریشانی کاسبب ہیں۔انہوں نے کہاکہ گوجرمنڈی، جواہرنگر،کھیوڑہ اوربس سٹینڈ سمیت علاقوں میں آوارہ جانوروں کی موجودگی سے لوگوں میں خوف ودہشت پائی جاتی ہے۔راجوری کے ہی ایک دیگررہائشی وکاس شرمانے کہاکہ آوارہ کتے اوردیگرجانور راہ گیروں کیلئے خطر ہ کاموجب ہیں۔انہوںنے کہاکہ آوارہ جانوروں کی وجہ سے متعددسڑک حادثات بھی پیش آچکے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ فوری طورپرقصبہ راجوری میں آوارہ جانوروں کوقابوکرنے کیلئے متعلقہ حکام کواقدامات اٹھانے چاہئیں۔ اس سلسلے میں جب میونسپل کمیٹی راجوری سے بات کی توانہوں نے کہاکہ راجوری میں آوارہ جانوروں کورکھنے کیلئے کوئی بھی شیڈنہیں ہے جہاں وہ انہیں رکھ سکیں۔انہوں نے کہاکہ محکمہ اس پریشانی سے نمٹنے میں بے بس ہے۔اس صورتحال کی وجہ سے شہر کی آبادی میں میونسپل کمیٹی کے خلاف عوام کا غصہ بڑھتا جارہا ہے ۔