راجوری میں ذیابیطس کا عالمی دن منایا گیا

راجوری //محکمہ صحت کی جانب سے راجوری ضلع میں گزشتہ روز ذیابیطس کا عالمی دن منایا گیا۔اس سلسلہ میں ضلع کے مختلف طبی اداروں میں پروگرام منعقد کئے گئے تھے ۔کنڈی کوٹرنکہ کے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر میں بلاک میڈیکل آفیسر کی صدارت میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس موقعہ پر بلاک میڈیکل آفیسر نے مختلف امراض میں اضافے پر معلوماتی لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا بدلتا ہوا طرز زندگی ذیابیطس جیسی بیماریوں کی ایک بڑی وجہ ہے۔دریں اثناء گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں بھی پرنسپل ڈاکٹر کی زیر نگرانی یہ دن منایا گیاجبکہ اس موقعہ پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ محمود حسین بجاڑ ودیگران بھی موجود رہے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے مقررین نے ذبابیطس کے عالمی دن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ہر برس 14نومبر کو مذکورہ دن منایا جاتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ دن سر فریڈرک بینٹنگ کی سالگرہ کے موقع پر منایا جاتا ہے، جنہوں نے 1922 میں چارلس ہربرٹ بیسٹ کے ساتھ مل کر انسولین ہارمون دریافت کیا تھا۔مقررین نے ذیابیطس کے بچاؤ کیلئے لائف اسٹائل مینجمنٹ، ڈائٹ مینجمنٹ، ورزش اور چہل قدمی کی اہمیت پر زور دیا۔