راجوری// جموں ۔پونچھ شاہراہ پر ناریاں کے مقام ایک ماروتی کار حادثے کاشکار ہوگئی جس کے نتیجہ میں ڈپٹی کمشنر راجوری کے پرسنل اسسٹنٹ سمیت خاندان کے 7افراد لقمہ اجل بن گئے ۔گاڑی زیر نمبر JK11B-4300جموں سے راجوری کی طرف آرہی تھی جس دوران وہ ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر مناور دریا میں جاگری جس کی وجہ سے اس میں سوار سبھی افراد لقمہ اجل بن گئے ۔پانچ افراد کی موت موقعہ پر ہی ہوگئی جبکہ دو بچے اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ بیٹھے۔حادثے میں مرنے والے افراد کی شناخت محمود احمد مغل ولدجعفر علی پرسنل اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر راجوری ، عبدالعزیز ولد جعفر علی ، اطہر بیگم دختر جعفر علی ،جمیلہ زوجہ محمود احمد ، ریحان ولد محمود احمد ،حسین ولد محمود احمد، علیشا دختر محمود احمد ساکنان گھمبیر مغلاں راجوری کے طور پر ہوئی ہے جن سبھی کا ایک ہی خاندان سے تعلق تھا ۔ حادثے کی خبر ملتے ہی بڑی تعداد میں لوگ موقعہ پرپہنچے اور انہوںنے تمام نعشوں کو وہاںسے اٹھاکرہسپتال پہنچایا۔ جائے حادثہ پر ڈپٹی کمشنرراجوری شائد اقبال چودھری ، ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس سمیت ڈاکٹروں کی ایک ٹیم بھی پہنچ گئی ۔ بعد میںنعشوں کو آخری رسومات کے لئے ان کے آبائی گاؤں گمبھیر مغلاں روانہ کردیا گیاہے ۔