راجوری/سمت بھارگو/جمعہ کی سہ پہر ضلع راجوری میں حد متارکہ پر ہونے والے دھماکے میں ایک فوجی افسر اور ایک اہلکار زخمی ہوئے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کو دوپہر کے وقت نوشہرہ سیکٹر کے علاقے رملی دارا علاقے میں اگلی چوکیوں پر فوج کی گشتی ٹیم معمول کی ڈیوٹی پر تھی کہ دھماکہ ہوا۔ذرائع نے بتایا’’دھماکے میں ایک میجر اور فوج کا اہلکار زخمی ہوئے اور دونوں کو مقامی طبی امداد کے مرکز میں منتقل کیا گیا جہاں سے بعد ازاں خصوصی علاج کے لئے انہیں کمانڈ ہسپتال بھیج دیا گیا‘‘۔دریں اثناء بھارتی فوج نے جمعرات کوپونچھ ضلع کے مختلف علاقوں میں پاکستانی فوج پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے اور بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا الزام لگایاہے۔جموں میں مقیم دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دیونندر آنند نے بتایا کہ جمعرات کی صبح سواپانچ بجے پاک فوج نے مینڈھر سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی اور بعد میں پونچھ سیکٹر کے علاقوں میں صبح کے اوقات میں گولہ باری کی گئی۔انہوں نے بتایا’’پاک فوج نے چھوٹے ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ مارٹر گولہ باری کا استعمال کیااور بھارتی فوج نے بھی اس کا بھرپور جواب دیا‘‘۔